انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** ائمہ جرح وتعدیل مشہور ائمہ جرح وتعدیل کا مختصر تعارف ائمہ حدیث کی وہ جماعت جس نے روات حدیث کی جانچ پڑتال پر زیادہ توجہ کی اوران کا موضوع زیادہ تر راویوں کے حالات معلوم کرنا اوران کے صدق و کذب اورحفظ و ضبط کی دریافت رہا،وہ علم حدیث کے بڑے محسنین میں سے ہیں، ان میں سے ہم یہاں حضرت امام شعبہؒ (۱۶۰ھ) حضرت سفیان الثوریؒ (۱۶۱ھ)امام مالکؒ (۱۷۹ھ) حضرت امام عبداللہ بن مبارکؒ (۱۸۱ھ)حضرت امام وکیع بن الجراحؒ (۱۹۷ھ) حضرت عبدالرحمن بن مہدیؒ (۱۹۸ھ) حضرت یحییٰ بن سعید القطانؒ (۱۹۸ھ) امام سفیان بن عینیہؒ (۱۹۸ھ) امام یحییٰ بن معینؒ (۲۳۳ھ) امام علی بن المدینیؒ (۲۳۴ھ) اورامام احمد بن حنبلؒ (۲۴۱ھ) کا ذکر کریں گے۔ ان میں سے حضرت امام سفیان الثوریؒ، امام مالکؒ اور امام احمدؒ کا ذکر ائمہ اصول (ائمہ مجتہدین) کے ذیل میں آچکا ہے، باقی آٹھ بزرگوں کا یہاں مختصر تعارف کرایا جائے گا، یہ صحیح ہے کہ امام دارمیؒ (۲۵۵ھ) امام بخاریؒ (۲۵۶ھ) امام نسائیؒ (۳۰۳ھ) بھی جرح و تعدیل میں بہت اہم شخصیتیں ہیں؛ لیکن ان کے تذکرے چونکہ ائمہ تالیف کے ذیل میں آرہے ہیں، اس لیے ہم یہاں ان کا ذکر نہ کریں گے، ان کے علاوہ بھی بہت شخصیات ہیں جنہوں نے جرح و تعدیل میں نمایاں کام کیا اوران کی آراء کتب اسماء الرجال میں مذکور ہیں؛لیکن اختصار کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہم انہی بزرگوں کے تراجم پر اکتفا کرتے ہیں۔