انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** قیصرِروم ہشام بن عبدالملک کے زمانہ میں قیصر کی فوجوں کوبھی بار بار مسلمانوں نے شکستیں دیں، حضرت امیرمعاویہ رضی اللہ عنہ کے زمانے سے سردی اور گرمی کے موسوموں میں شمال کی جانب حملہ آور ہونے والی فوجیں مقرر تھیں، یہ سرمائی اور گرمائی فوجیں قسطنطنیہ اور قیصر کے علاقوں پرحملہ آور ہوتی رہتی تھیں اور اسی لیے رومیوں پرمسلمانوں کا رعب قائم تھا، ہشام کے زمانے میں معاویہ بن ہشام، سعید بن ہشام، سلیمان بن ہشام، مسلمہ بن عبدالملک، مروان بن محمد، عباس ولید وغیرہ شہزادے ان فوجوں کے سردار ہوہوکر حملہ آور ہوتے رہے، ان شہزادوں کے ساتھ عبداللہ بطال اور عبدالوہاب بن بخت وغیرہ مشہور شہسوار سردار ہوتے تھے، جن کی بہادری وجاں بازی کی دھاک ملکِ روم میں بیٹھی ہوئی تھی، رومیوں کوہشام کے عہد میں مسلمانوں کے ہاتھ سے بڑے بڑے نقصانات برداشت کرنے پڑے اور کبھی ان کوکوئی فتح مسلمانوں کے مقابلے میں حاصل نہ ہوسکی۔ اندلس میں بھی عبداللہ بن عقبہ کے کارنامے یورپ کے عیسائیوں اور عیسائی بادشاہوں کوخوف زدہ رکھنے اور مسلمانوں کے نام سے لرزاں وترساں بنانے کے لیے کافی تھے، حجازویمن وغیرہ میں بھی امن وامان ہوگیا۔