انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** شام سے ابن زبیرؓ کے داعیوں کا اخراج اورمروان کا قبضہ گو مروان کی بیعت کے بعد بنی امیہ کے اکھڑے ہوئے پاؤں جم گئے،لیکن ابھی تک تمام ممالک اسلامیہ پر ابن زبیرؓ کا اثر غالب تھا، مصر،کوفہ،بصرہ،عواصم،خراسان میں ان کے داعی کام کررہے تھے؛بلکہ خود شام میں حمص، قنسرین اوردمشق ان ہی کے زیر اثر تھے خاص پایہ تخت دمشق پر ابن زبیر کے داعی ضحاک بن قیس کا قبضہ تھا، اس لئے زمام حکومت سنبھالنے کے بعد ہی مروان نے ابن زبیرؓ کے کارکنوں کے اخراج کی طرف توجہ کی اور سب سے پہلے وہ اموی پایۂ تخت دمشق کی طرف بڑھا، یہاں ابن زبیرؓ کا داعی ضحاک بن قیس تھا اور دوسرے شامی دعاۃ کی امداد واعانت بھی اس کو حاصل تھی اس لئے مروان کا اوراس کا بہت زبردست مقابلہ ہوا،اس مقابلہ میں ضحاک مارا گیا اوراس کے ساتھی بھاگ نکلے، اس کے قتل کی خبر حمص پہنچی تو وہاں کا کارکن نعمان بن بشیر بھی حمص چھوڑ کر بھاگا، مگر راستہ میں قتل کردیا گیا، قرقییا کے داعی نے بھی ان دونوں کا انجام دیکھ کر میدان خالی کردیا،اس کے بعد مروان نے فلسطین پر بھی قبضہ کرلیا، اس طرح شام کے وہ مقامات جو ابن زبیرؓ کے زیر اثر تھے،پھر بنی امیہ کے قبضہ میں آگئے۔ (یعقوبی:۲/۳۰۵،۳۰۶)