انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** حضرت اُمِ کلثوم بنت عقبہ رضی اللہ عنہا نام ونسب اور اسلام ام کلثوم کنیت، سلسلۂ نسب یہ ہے، ام کلثوم بنت عقبہ بن ابی معیط ابن ابی عمروبن امیہ بن عبدشمس بن عبدمناف، والدہ کا نام ارویٰ بنت کریز تھا، اس بناپرحضرت عثمان رضی اللہ عنہ اور حضرت اُم کلثوم رضی اللہ عنہااخیافی بھائی بہن ہیں، حضرت اُم کلثوم رضی اللہ عنہا کا باپ عقبہ بن ابی معیط قبیلہ امیہ کا ایک ممتاز شخص تھا، اس کواسلام سے سخت عداوت تھی؛ لیکن خدا کی قدرت دیکھو! اس نے اسی ظلمت کدہ میں ایمان کا چراغ روشن کیا، یعنی اس کی صاحبزادی حضرت اُم کلثوم رضی اللہ عنہا مشرف بہ اسلام ہوئیں۔ ہجرت سنہ۷۰ھ میں صلح حدیبیہ کے بعد حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا نے مدینہ کی طرف ہجرت کی خزاعہ کے ایک شخص کے ہمراہ مکہ سے پاپیادہ روانہ ہوئیں؛ چونکہ بھاگ کرنکلی تھیں، اس لیے ان کے بھائی پیچھے سے آئے، مدینہ پہنچیں تودوسرے دن وہ بھی پہنچ گئے، حضرت اُم کلثوم رضی اللہ عنہانے فریاد کی کہ مجھ کواپنے ایمان کا خوف ہے، میں عورت ہوں اور عورتیں کمزور ہوتی ہیں، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے صلح نامہ میں یہ شرط کی تھی کہ قریش کا کوئی آدمی مدینہ آئے گا توواپس کردیا جائے گا، اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کوفکر ہوئی؛ لیکن چونکہ اس میں عورتیں داخل نہ تھیں اس لیے ان کے متعلق خاص یہ آیت اُتری: يَاأَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَاجَاءَكُمُ الْمُؤْمِنَاتُ مُهَاجِرَاتٍ فَامْتَحِنُوهُنَّ اللَّهُ أَعْلَمُ بِإِيمَانِهِنَّ فَإِنْ عَلِمْتُمُوهُنَّ مُؤْمِنَاتٍ فَلَاتَرْجِعُوهُنَّ إِلَى الْكُفَّارِ۔ (الممتحنۃ:۱۰) ترجمہ:مسلمانوں! جب تمہارے پاس مسلمان عورتیں ہجرت کرکے آئیں تواُن کوجانچ لوخدا اُن کے ایمان کواچھی طرح جانتا ہے، اب اگرتم کومعلوم ہوجہ وہ مسلمان ہیں توان کوکافروں کے ہاں واپس نہ بھیجو۔ اور آپ نے اس کے مطابق حضرت اُم کلثوم رضی اللہ عنہا کوواپس کرنے سے انکار کردیا۔ نکاح حضرت اُم کلثوم رضی اللہ عنہا اب تک کنواری تھیں، اس لیے حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ سے کہ بڑے رتبہ کے صحابی تھے، ان کا نکاح کیا گیا؛ لیکن جب زید رضی اللہ عنہ نے غزوۂ موتہ میں شہادت پائی توحضرت زبیر بن العوام رضی اللہ عنہ کے عقد نکاح میں آئیں؛ لیکن انہوں نے طلاق دے دی اور حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ سے نکاح ہوا، ان کی وفات کے بعد حضرت عمروبن العاص رضی اللہ عنہ سے نکاح پڑھایا اور یہ آخری نکاح تھا۔ وفات ایک مہینہ کے بعد وفات پائی، اس زمانہ میں حضرت عمر رضی اللہ عنہ والی مصر تھے۔ اولاد حضرت اُم کلثوم رضی اللہ عنہا کے حضرت زید رضی اللہ عنہ اور حضرت عمروبن عاص رضی اللہ عنہ سے کوئی اولاد نہیں پیدا ہوئی؛ لیکن حضرت زبیر رضی اللہ عنہ سے زینب اور حضرت عبدالرحمن رضی اللہ عنہ بن عوف سے ابراہیم، حمید، محمد اور اسماعیل پیدا ہوئے۔ فضل وکمال حمید اور ابراہیم نے ان سے کچھ حدیثیں روایت کی ہیں۔