انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** تاریخ کا تعارف اوراس کی ضرورت تاریخ کی اصطلاحی تعریف علم تاریخ اصطلاحاً اس علم کو کہتے ہیں جس کے ذریعہ بادشاہوں،نبیوں،فاتحوں اورمشہور شخصوں کے حالات اورگذرے ہوئے مختلف زمانوں کے عظیم الشان واقعات ومراسم وغیرہ معلوم ہوسکیں اورجو زمانہ گذشتہ کی معاشرت ،اخلا ق،تمدن وغیرہ سے واقف ہونے کا ذریعہ بن سکے،بعض شخصوں نے تاریخ کی تعریف ان الفاظ میں بیان کی ہے کہ انسانوں کے یک جا ہوکر رہنے کو تمدن اور اُس انسانی مجمع کو مدینہ اوراُن مختلف حالتوں کو جو طبعاً اُس کو عارض ہوں واقعاتِ تاریخی اورپچھلوں کو پہلوں سے سُن کر اُن واقعات کو اکٹھا کرنے اوراپنے سے پیچھے آنے والوں کی عبرت اورنصیحت کے لئے بطور نمونہ چھوڑ جانے کو تاریخ کہتے ہیں، بعض کہتے ہیں کہ تاخیر کے جزو آخر کو مقلوب کرکے لفظ تاریخ بنایا گیا ہے اورتاخیر کے معنی ہیں اولین وقت کو آخرین وقت کے ساتھ نسبت دینا مثلاً یہ بتلانا کہ فلاں مذہب یا فلاں سلطنت یا فلاں معرکہ فلاں وقت میں ظاہر ہوا تھا جو واقعات خاص اُس وقت میں ظہور پذیر ہوئے،ان سب کے معلوم کرنے کا مبداء یہی وقت ہوتا ہے غرض اسی طرح تاریخ کی تعریف بیان کرنے میں بڑی بڑی موشگافیاں کی گئی ہیں،لیکن خلاصہ اورحاصل مطلب سب کا وہی ہے جو اوپر سب سے پہلے بیان ہوچکا ہے،اس مذکورہ خلاصہ کا اوربھی خلاصہ کرنا مقصود ہوتو یوں کہہ سکتے ہیں کہ ‘‘ جو حالات واخبار بقیدِ وقت لکھے جاتے ہیں اُن کو تاریخ کہتے ہیں