انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** حضرت امام حسن رضی اللہ تعالی عنہ نام ونسب وحُلیہ وغیرہ حسن بن علی بن ابی طالب خلفاء راشدین میں سب سے آخری خلیفہ سمجھے جاتے ہیں، آپ نصف شعبان ۳ھ میں پیدا ہوئے،آپ ؓ کی صورت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے بہت مشابہ تھی،آپ کا نام آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے رکھا تھا زمانہ جاہلیت میں یہ نام کسی کا نہ تھا،امام بخاریؓ نے حضرت ابوبکرصدیقؓ سے روایت کی ہے کہ آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم منبر پر تشریف رکھتے تھے،حضرت حسنؓ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پہلو میں بیٹھے تھے،آپ صلی اللہ علیہ وسلم کبھی لوگوں کی طرف اورکبھی حضرت امام حسنؓ کی طرف دیکھتے تھے اور فرماتے تھے کہ میرا یہ بیٹا سردار ہے اوریہ مسلمانوں کے دو گروہوں میں مصالحت کرائے گا،ابن عباسؓ کہتے ہیں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک روز حضرت حسنؓ کو اپنے کندھے پر بٹھا رکھا تھا کہ ایک شخص راستے میں ملا،اُس نے حضرت حسنؓ کو مخاطب کرکے کہا کہ میاں صاحبزادے تم نے کیا اچھی سواری پائی ہے،آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ سوار بھی تو بہت اچھا ہے،حضرت عبداللہ بن زبیرؓ کا قول ہے کہ اہلِ بیت میں حضرت امام حسنؓ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے بہت زیادہ مشابہ تھے اورآنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اُن کو سب سے زیادہ عزیز رکھتے تھے۔