انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** علمِ حدیث ہندوستان میں برِصغیر ہندوپاک کویہ فخر حاصل ہے کہ محدثِ کبیر حضرت الربیع بن الصبیح (۱۶۰ھ) یہاں تشریف لائے، سندھ شروع سے ہندوستان کے لیے اسلام کا دروازہ رہا ہے، پہلی صدی ہجری کے آخری حصہ سے لے کر تیسری صدی کے نصف تک سندھ کا تعلق دمشق اور بغداد کی خلافتوں سے رہا ہے، پہلے مؤرخین سندھ سے آگے ہند کا آغاز کرتے تھے، محمدبن قاسم کا قافلہ پہلے یہیں اُترا تھا اور پھریہیں سے اسلام کے قافلے وسطِ ہند کی طرف چلے تھے، فتوح السندوالہند سے کون واقف نہیں؟۔ آپ نے مشہور محدث عبد بن حمید (۲۴۹ھ) کا نام سنا ہوگا، حدیث کی مشہور کتاب "مسندعبد بن حمید" انہی کی تالیف ہے، یہ کہاں کے رہنے والے تھے؟ سندھ کے علاقہ "کچھ" کے، اسے عربی میں "کس" لکھتے ہیں، آپ "کچھ" میں پیدا ہوئے؛ پھرحدیث پڑھنے کےلیے عرب پہنچے اور وہاں امام ابوحنیفہؒ (۱۵۰ھ) کے شاگردوں عبدالرزاق بن ہمام (۲۱۱ھ)، یزید بن ہارون (۲۱۷ھ) اور علی بن عاصم (۲۰۱ھ) سے حدیث سنی اور ایک عالم ان سے حدیث میں فیضیاب ہوا۔