انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** حضرت عبداللہ بن زبیرؓ نام ونسب عبداللہ نام، ابو بکر اورحبیب کنیت،والد ماجد کا نام زبیرؓ اور والدۂ محترمہ کا نام اسماء تھا،جدی شجرہ یہ ہے،عبداللہ بن زبیرؓ بن عوام بن خویلدبن اسد بن عبدالعزی بن قصی بن کلاب بن مرہ بن کعب بن لوئی قرشی اسدی، نانہالی نسب نامہ یہ ہے، اسماء بنت ابی بکرؓ بن ابی قحافہ ابن عامر بن عمروبن کعب بن سعد بن تیم بن مرہ بن کعب بن لوئی بن غالب بن فہر۔ حضرت عبداللہ کی ذات گرامی اپنے خاندان اوراپنی قرابتوں کے لحاظ سے متعدد شرفوں کی حامل تھی آپ کے والد ماجد حضرت زبیرؓ بن عوام آنحضرتﷺ کے حواری اورعشرہ مبشرہ میں تھے، ام المومنین حضرت خدیجہؓ صدیقہ آپ کی پھو پھی تھیں، آنحضرتﷺ کی پھوپھی حضرت صفیہؓ آپ کی دادی تھیں، اس رشتہ سے آپ کو آنحضرتﷺ کے بھانجے ہونے کا فخر حاصل ہے، یہ داد ہالی افتخار ہیں ،نانہالی رشتوں کے لحاظ سے بھی آپ کو متعدد فضائل حاصل تھے، حضرت ابوبکر صدیقؓ آپ کے نانا تھے آپ کی والدہ اسماءؓ، کو بارگاہ نبوت سے ذات النطاقین کا محبت آمیز لقب ملا تھا غرض آنحضرتﷺ کی محبوب ترین حرم محترم حضرت عائشہؓ آپ کی خالہ تھیں ،غرض داد یا ل اورنانہال جس افق پر نظر جاتی ہے آسمان فضائل کے مہر وماہ نظر آتے ہیں۔