انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** ہوا سے متعلق معجزات انگلی کے اشارے سے بادلوں کا ہٹ جانا صحیحین میں حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺ کے زمانہ میں ایک مرتبہ قحط پڑگیا اور بارش نہیں ہوئی، آپ جمعہ کا خطبہ فرمارہے تھے اسی دوران ایک دیہاتی نے کھڑے ہوکر کہا کہ اے اللہ کے رسول ہماری دولت ہلاک ہوگئی اور ہماے اہل وعیال بھوکے مررہے ہیں، آپ بارش کی دعا فرمائیں ،آنحضورﷺ نے اسی وقت اپنے دونوں ہاتھ اٹھاکر دعا فرمائی اس وقت آسمان پر کہیں ابر کا نام ونشان نہ تھا ،خدا کی قسم آپ نے اپنے ہاتھ دعا سے ہٹائے نہ تھے کہ چاروں طرف سے پہاڑوں کی طرح گھٹاؤں کے ٹکڑے آنے لگے اور آپ منبر سے اترے بھی نہ تھے کہ بارش کی وجہ سے آپ کی مبارک داڑھی سے قطرے ٹپک رہے تھے ،اس جمعہ کے بعد سے دوسرے جمعہ تک برابر بارش ہوتی رہی، دوسرے جمعہ کو وہی دیہاتی یا اور کوئی کھڑا ہوا اور عرض کیا کہ بارش کی شدت سے مکانات گرگئے اور مال مویشی ڈوب گئے یارسول اللہ آپ دعا فرمائیں کہ بارش رک جائے ،آنحضورﷺ نے ہاتھ اٹھاکر دعا فرمائی :اے اللہ ہمارے اوپر نہیں ہمارے آس پاس بارش برسا، جنگلوں میں اور پہاڑوں پر برسا ،دعا میںٖ انگلی سے چاروں طرف اشارہ کرتے جاتے تھے اور جس طرف اشارہ فرماتے تھے ابر وہاں سے کھلتا جاتا تھا؛ یہاں تک کہ لوگ جب مسجد سے نماز پڑھ کر نکلے تو مدینے میں دھوپ نکلی تھی اور چاروں طرف بادل تھے آس پاس بارش ہوتی رہی اور باہر سے جو لوگ آتے تھے وہ بارش کے زیادتی کا واقعہ بیان کرتے تھے ، اس روایت میں ایک معجزہ تو پانی سے متعلق ہے کہ آپ کی دعا سے بارش ہوئی دوسرا معجزا ہوا اور پانی سے تعلق رکھتا ہے کہ آپ نے جس طرف اشارہ کیا فضا صاف ہوتی چلی گئی۔