انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** حضورﷺ کا حضرت ام سلمہؓ سے نکاح حضورﷺنے حضرت اُم سلمہؓ سے نکاح فرمایا، حضرت اُم سلمہؓ پہلے حضرت عبداللہ بن عبدالاسد کے نکاح میں تھیں جو ابو سلمہ کے نام سے مشہور ہیں اور جن کا تعلق اہم قبیلہ بنو مخزوم سے تھااور جو ان کے چچا زاد اور رسول اکرم ﷺ کے رضاعی بھائی تھے ، اپنے شوہر ہی کے ساتھ اسلام لائیں، اس لئے دونوں سابقون الاولون میں شمار ہوتے ہیں، اپنے شوہر کے ساتھ پہلی ہجرت حبشہ میں شریک رہیں ، ان کے بیٹے سلمہ حبشہ ہی میں پیدا ہوئے، حبشہ سے مکہ آئیں اور یہاں سے مدینہ کو ہجرت کی، ہجرت میں ان کو یہ فضیلت حاصل ہوئی کہ اہلِ سیر کے نزدیک وہ پہلی خاتون ہیں جو ہجرت کر کے مدینہ آئیں ، ان کے شوہر ابو سلمہؓ غزوات بدر اور اُحد میں شریک ہوئے، غزوہ اُحد میں حضرت ابو سلمہؓ کو کاری زخم آیا تھا، سریہ ابی سلمہ میں امیر بنا کر بھیجے گئے تھے، واپسی کے بعد انتقال ہوا، شوہر کی وفات کے وقت حضرت اُم سلمہؓ حاملہ تھیں، وضع حمل کے بعد جب عدت کی مدت گزر گئی تو حضورﷺ نے انہیں نکاح کا پیام دیا تو انھوں نے یہ عذرات پیش کئے: ۱- میں سخت غیور عورت ہوں ۲- صاحب عیال ہوں ۳- میرا سن زیادہ ہے ۴- میرا کوئی ولی نہیں ہے، اس کے باوجود حضور ﷺ نے ان سے نکاح کرنا چاہا، حضرت اُم سلمہؓ کے لئے یہ غیر متوقع اعزاز تھا ، چنانچہ انھوں نے اپنے بیٹے سلمہ کو ولی بنایا اور نکاح ہو گیا، حضور ﷺ نے انہیں بھی اور ازواج کی طرح دو چکیاں ، گھڑا اور چمڑے کا تکیہ جس میں کھجور کی چھال بھری ہوئی تھی عنایت فرمائی، ام المومنین حضرت زینبؓ بنت خزیمہ جن کا انتقال ہو چکا تھا ان کا مکان رہنے کو دیا گیا،حضرت اُم سلمہؓ کا حُسن کے ساتھ ساتھ علم و فضل میں بھی ممتازمقام تھا، ازواج میں حضرت عائشہؓ کے بعد سب سے ذہین اور فقہی مسائل پر عبور رکھنے والی خاتون تھیں،حضرت اُم سلمہ ؓ نے (۸۴) سال کی طویل عمر پائی ، ازواج مطہرات میں سب سے آخر میں اس دنیا سے رخصت ہوئیں، حضرت اُم سلمہؓ کے سنہ وفات میں اختلاف ہے ؛لیکن اہل سیر متفق اللفظ ہیں کہ ازواج مطہرات میں سب کے بعد حضرت اُم سلمہؓ نے وفات پائی، واقدی نے سنہ وفات ۵۹ ہجری بتلایا ہے، امام بخاری نے ۵۸ ہجری لکھا ہے اور دیگر روایتوں میں ۶۱ ہجری ہے۔