انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
کامل اور مکمل مسنون وضو کی ترکیب كيا ہے؟ عامل (نمازی) کوچاہئے کہ جب وضو کرے کامل کرے، یعنی جب استنجاء وغیرہ سے فارغ ہو تو قبلہ رُو بلند جگہ پر بیٹھے اور مسواک کرے؛ پھر یہ دُعا پڑھے: أَللَّهُمَّ اجْعَلْ تَسْوِیْکِیْ ھَذَا تَمْحِیْصًا لِذُنُوْبِیْ وَمُرْضَاۃً لَکَ یَارَبِّ بَيِّضْ بِهِ وَجْھِی کَمَاتَبَیِّضْ بِہِ أَسْنَانِي۔ فضائلِ مسواک میں ہے، مسواک کی دُعاء، بنایہ میں درایہ سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مسواک کرتے وقت یہ دُعا پڑھنی چاہئے: اللَّهُمَّ طَهِّرْ فَمِي، وَنَوِّرْ قَلْبِي، وَطَهِّرْ بَدَنِي وَحَرِّمْ جَسَدِي عَلَى النَّارِ۔ (فضائلِ مسواک:۲۷،۷۳، مولانا اطہرحسین صاحب) پھرنیتِ وضو کرکے یہ دُعا پڑھے: بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ أَللّٰھُمَّ إِنِّیْ أَعُوذُبِكَ مِنْ هَمَزَاتِ الشَّيَاطِينِ، وَأَعُوذُ بِكَ رَبِّ أَن يَحْضُرُونِ پھردونوں ہاتھ کلائی تک تین مرتبہ دھوئے اور اُنگلیوں میں خلال کرے اور پڑھے: أللّٰہُمَّ إِنِّیْ أَسْئَلُکَ الْیَمْنَ وَالْبَرْکَۃَ وَأَعُوْذُبِکَ مِنَ الشَّوْمِ وَالْہَلَکَۃِ۔ پھرتین مرتبہ کلی کرے اور اس دُعا کوپڑھے: اللهُمَّ أَعِنِّي عَلَى ذِكْرِكَ وَشُكْرِكَ وَتِلَاوَۃِ کِتَابِکَ۔ پھرتین بار ناک میں پانی ڈالے اور بائیں ہاتھ کی چھوٹی اُنگلی سے ناک کے اندر کی آلائش کھجلا کرصاف کرے اور یہ دُعاء پڑھے: اللَّهُمَّ أَرِحْنِي رَائِحَةَ الْجَنَّةِ وَأَنْتَ رَاضِ عَنِّیْ۔ پھرتین مرتبہ دونوں ہاتھوں سے منہ، بالوں کے اُگنے کی جگہ سے تھوڑی کے نیچے تک اور کنپٹیوں تک دھوئے اور یہ دُعا پڑھے: أَللّٰہُمَّ بَیِّضْ وَجْھِیْ بِنُوْرِ وَجْھِکَ یَوْمَ تَبْیَضُّ وُجُوْہٌ أَوْلِیَائِکَ۔ یا یہ دُعا پڑھے: أللّٰھُمَّ بَیِّضْ وَجْھِیْ بِنُوْرِ وَجْھِکَ يَوْمَ تَبْيَضُّ وُجُوهٌ وَتَسْوَدُّ وُجُوهٌ۔ اگرڈاڑھی گنجان ہوتواُنگلیوں سے خلال کرے، اُنگلیوں کوٹھوڈی کے نیچے ڈاڑھی میں ڈال کر اوپر رُخساروں کی طرف لے جاوے؛ پھرداہنا ہاتھ کہنی سمیت تین مرتبہ دھوئے اور یہ دُعا پڑھے: اللَّهُمَّ اِعْطِنِي كِتَابِي بِيَمِينِي وَحَاسِبْنِي حِسَابًا يَسِيرًا۔ پھر بایاں ہاتھ تین بار دھوئے اور یہ دُعاء پڑھے: أَللَّهُمَّ إِنِّیْ أَعُوْذُبِکَ اَنْ تَعْطِنِيْ كِتَابِيْ بِشِمَالِيْ وَلَامِنْ وَرَاءِ ظَهْرِيْ۔ اگر انگشتری (انگوٹھی) ہاتھ میں ہوتو اس کو ہلاکر پانی پہنچاوے؛ پھردونوں ہاتھوں کو تر کرکے تین تین اُنگلیاں دونوں ہاتھ کی خنصر اور بنصر ووُسطیٰ، یعنی چھنگلیاں اور اس کے پاس کی اُنگلی اور بیچ کی اُنگلی ملاکر اور دونوں انگوٹھے اور انگوٹھوں کے پاس کی اُنگلیاں الگ الگ کرکے پیشانی پررَکھ کر دِماغ کے اوپر سے گدی تک لے جاوے؛ پھرگدی سے دونوں ہاتھوں کی ہتھیلیاں کانوں کے اوپر تک جوسرباقی رہے ملتا ہوا ماتھے تک لے جاوے؛ اس ترکیب سے سارے سرکا مسح کرے؛ پھریہ دُعا پڑھے: أَللَّهُمَّ أَغِثْنِي بِرَحْمَتِكَ وَأَنْزِلْ عَلَيَّ مِنْ بَرَكَاتِكَ وَأَظِلَّنِي تَحْتَ عَرْشِكَ يَوْمَ لَاظِلَّ إلَّاظِلُّكَ۔ پھردونوں کانوں میں اُنگوٹھوں کے پاس کی انگلیاں اندر کی جانب سے کانوں کی کھائیوں میں سب طرف خوب پھیرے کہ کھائیاں کانوں کی تر ہوجائیں اور کانوں کی پشت پر انگوٹھوں کے شکم کا پانی ملے اس طرح کانوں کا مسح کرے؛ پھریہ دُعا پڑھے: أَللَّهُمَّ اجْعَلْنِي مِنْ الَّذِينَ يَسْتَمِعُونَ الْقَوْلَ فَيَتَّبِعُونَ أَحْسَنَهُ۔ پھردونوں ہاتھوں کی پشت گردن پر ملے؛ پھریہ دُعاء پڑھے: أَللَّهُمَّ فَكَّ رَقْبَتِيْ مِنَ النَّار وَأَعُوْذُ بِكَ مِنَ السَّلَاسِل وَالْأَغْلَالِ۔ پھرداہنا پاؤں ٹخنوں سمیت تین دفعہ دھوئے، بائیں ہاتھ کی چھنگلیوں سے خلال دونوں پیروں کی اُنگلیوں میں کرے؛ مگر داہنے پیر کی چھنگلیوں سے شروع کرے اور بائیں پاؤں کی چھنگلیوں پرختم کرے، جب داہنا پاؤں دھوئے تو تب یہ دُعاء پڑھے: أَللَّهُمَّ ثَبِّتْ قَدَمَيَّ عَلَى الصِّرَاطِ يَوْمَ تَزِلُّ الْأَقْدَامُ فِیْ النَّارِ۔ اور جب بایاں پاؤں دھوچکے تو تب یہ دُعا پڑھے: أَللّٰھُمَّ إِنِّیْ أَعُوْذُبِکَ أَنْ تَزِلُّ قَدَمِیْ عَلَی الصِّرَاطِ یَوْمَ تُزِلُّ أَقْدَامُ الْمُنَافِقِیْنَ۔ (شامی، عالمگیری، طحطاوی علی مراقی الفلاح میں دُعا کے کلمات کچھ مختلف ہیں جویاد ہوپڑھ سکتا ہے) اور جب وضو سے فراغت پاوے توکلمۂ شہادت پڑھے: أَشْهَدُ أَنْ لاَإِلَهَ إِلاَّاللَّهُ وَحْدَهُ لاَشَرِيكَ لَهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ۔ حدیث شریف میں آیا ہے کہ جوکوئی بعد وضو کے کلمہ شہادت کا پڑھے گا اُس کے واسطے جنت کے آٹھوں دروازے کھولے جائیں گے کہ جس دروازے سے چاہے بہشت میں داخل ہو، کلمۂ شہادت کے بعد یہ دُعا پڑھے: اللَّهُمَّ اجْعَلْنِي مِنَ التَّوَّابِينَ وَاجْعَلْنِي مِنَ الْمُتَطَهِّرِينَ وَاجْعَلْنِي مِنْ عِبَادِك الصَّالِحِينَ الَّذِیْنَ لَاخَوْفٌ عَلَیْھِمْ وَلَایَحْزَنُوْنَ۔ نسائی شریف میں حدیث بیان کی ہے کہ جوشخص وضو کے بعد یہ دُعا پڑھے گا حبط نہ ہوں گے؛ پھرسورۂ قدر یعنی إِنَّا أَنْزَلْنَاهُ فِي لَيْلَةِ الْقَدْرِ پڑھے؛ پھردورکعت نفل تحیۃ الوضو پڑھے۔ (ضمیمۂ جدیدہ، حصہ دوم، عملیات حجربہ خاندان عزیزیہ:۴،۵،۶) (فتاویٰ رحیمیہ:۴/۱۹، مکتبہ دارالاشاعت، کراچی)