انوار اسلام |
س کتاب ک |
جمعہ وعیدین سے متعلق مسائل دیہات میں جمعہ کی نماز جمعہ کے صحیح ہونے کے لیے ایک شرط احناف کے نزدیک شہر ہونا ہے؛ لیکن خود احناف کے نزدیک اس بارے میں اختلاف ہے؛ البتہ فقہاء نے اس قول کوترجیح دیا ہے کہ جس جگہ کے تمام لوگ اگروہاں کی بڑی مسجد میں جمع ہوجائیں تووہ مسجد ناکافی ہوجائے، اس آبادی پر (شہر) کا اطلاق ہوگا یہ قول ایسا ہے کہ اس سے مصر کا دائرہ وسیع ہوجاتا ہے؛ لہٰذا مناسب ہے کہ اس قول پرفتویٰ دیا جائے۔ (ملخص جدید فقہی مسائل:۱/۱۶۷) عرب امارات میں عیدپڑھ کرآنے والے کے لیے اپنے ملک میں دوبارہ نمازِ عید پڑھنے کا حکم اگرکوئی شخص کسی ملک میں عید کی نماز ادا کرلے پھروہ ہوائی جہاز کے ذریعہ دوسرے ملک چلا جائے وہاں دوسرے دن عید ہوتواس جگہ بھی عید کی نماز پڑھےگا؛ کیونکہ اصول یہ ہے کہ آدمی جس ملک یاشہر میں ہواسی کے احکام کا اعتبار ہوگا۔ (ملخص فتاویٰ عثمانی:۱/۵۹۷) غیرعربی زبان میں خطبہ معتدل اور قابل قبول رائے یہ ہے کہ جن ممالک کی زبان عربی نہ ہو وہاں عربی زبان ہی میں جمعہ وعیدین کے خطبے دینا شرط نہیں ہے؛ البتہ بہتر ہے کہ خطبہ کا تمہیدی حصہ اور خطبہ میں آنے والی آیاتِ قرآنی عربی زبان میں ہوں؛ تاکہ غیرعرب عربی زبان سننے کے عادی ہوں، قرآن کا سیکھنا اور اس کی زبان میں اس کی قرأت آسان بھی ہے؛ پھرخطیب سامعین ہی کی زبان میں ان کونصیحت کرے اور اُن کودعوت دے۔ (جدید فقہی مسائل:۱/۱۶۱)