انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** شاہانِ سیستان سیستان کے ملک کو نیم روز بھی کہتے ہیں،سلطان سنجر سلجوقی نے اس ملک پر ایک شخص ابوالفضل تاج الدین کو عامل مقرر کیا تھا دولتِ سلجوقیہ کے اختلال کو دیکھ کر اُس نے عَلمِ استقلال بلند کیا،اس کے بعد اس کا بیٹا شمس الدین محمد تخت نشین ہوا، اس کے ظلم وستم سے ملک سیستان کی رعایا تالاں رہی،آخر لوگوں نے ہجوم کرکے اس کو قتل کردیا اوراسی خاندان کے ایک شخص تاج الدین حرب ابن عزّ الملک کو تخت نشین کیا یہ نیک سیرت اوراچھا بادشاہ تھا،اس کے زمانے میں ملک خراسان سلطنت غور میں شامل تھا اُس نے چھ سال حکومت کی اُس کے فوت ہونے پر اُس کا بیٹا یمین الدین بہرام شاہ تخت نشین ہوا،مگر چند روز کے بعد ملحدوں کے ہاتھ سے مقتول ہوا، اس کے بعد اُس کا بیٹا نصرت الدین تخت نشین ہوا،مگر اس کے دوسرے بیٹے رکن الدین اپنے بھائی کی مخالفت اورتخت سلطنت کا دعویٰ کیا،دونوں بھائیوں میں لڑائیاں ہوئیں،آخر نصرت الدین اپنے بھائی رکن الدین کے ہاتھ سے مارا گیا ،رکن الدین کے عہد حکومت میں سیلاب چنگیزی آیا اورمغلوں کے ہاتھ سے یہ ماراگیا،اس کے بعد تاج الدین حرب کا بیٹا شہاب الدین محمد تخت نشین ہوا اوردو سال محصور رہ کر مغلوں کے ہاتھ سے مقتول ہوکر اس خاندان کا خاتمہ کرگیا۔