انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** حضرت زینب بنتِ ابی سلمہ رضی اللہ عنہا نام ونسب زینب نام، قبلیہ مخزوم سے ہیں، سلسلہ نسب یہ ہے، زینب بنت ابی سلمہ عبداللہ بن عبدالاسد بن عمروبن مخزوم، حبشہ میں حضرت اُم سلمہ رضی اللہ عنہا کے بطن سے پیدا ہوئیں اور ان ہی کے ساتھ کچھ زمانہ کے بعد مدینہ کوہجرت کی، حضرت اسماء رضی اللہ عنہا بنت ابی بکر رضی اللہ عنہ نے دودھ پلایا (اصابہ:۸/۹۶، بحوالہ ابن سعد) پہلے برہ نام تھا، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے زینب نام رکھا۔ (صحیح مسلم،كِتَاب الْآدَابِ، بَاب اسْتِحْبَابِ تَغْيِيرِ الِاسْمِ الْقَبِيحِ إِلَى حَسَنٍ وَتَغْيِيرِ اسْمِ بَرَّةَ إِلَى زَيْنَبَ وَجُوَيْرِيَةَ وَنَحْوِهِمَا:۲/۲۳۱) عام حالات سنہ۴ھ میں ابوسلمہ رضی اللہ عنہا نے وفات پائی توحضرت اُم سلمہ رضی اللہ عنہا، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے عقد نکاح میں آئیں، اس وقت زینب رضی اللہ عنہا شیرخوار تھیں، والدہ ماجدہ کے ساتھ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے آغوشِ تربیت میں آئیں، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کوان سے محبت تھی پیروں چلنے لگیں توآنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آتیں، آپ غسل فرماتے توان کے منہ پرپانی چھڑکتے تھے؛ لوگوں کا بیان ہے کہ اس کی یہ برکت تھی کہ بڑھاپے تک ان کے چہرے پرشباب کا آب ورنگ باقی رہا۔ حضرت عبداللہ بن زمعہ بن اسود اسدی سے شادی ہوئی، دولڑکے پیدا ہوئے، جن میں ایک کا نام ابوعبیدہ تھا سنہ۶۳ھ میں حرہ کی لڑائی میں دونوں کام آئے اور حضرت زینب رضی اللہ عنہا کے سامنے ان کی لاشیں لاکر رکھی گئیں؛ انہوں نے إِنَّالِلّٰہِ پڑھا اور کہا کہ مجھ پربہت بڑی مصیبت پڑی، ایک تومیدان میں لڑکرقتل ہوا؛ لیکن دوسرا توخانہ نشین تھالوگوں نے اس کوگھر میں گھس کرمارا۔ وفات بیٹوں کے قتل ہونے کے بعد دس برس زندہ رہیں اور سنہ۷۳ھ میں انتقال فرمایا یہ طارق کی حکومت کا زمانہ تھا (تہذیب:۲/۴۲۱) حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ جنازہ میں تشریف لائے۔ فضل وکمال حضرت زینب رضی اللہ عنہافضل وکمال میں شہرہ آفاق تھیں اور اس وصف میں کوئی عورت ان سے ہمسری کا دعویٰ نہیں کرسکتی تھیں، اسدالغابہ میں ہے: وَكَانَتْ مِنْ أفقه نساء زَمَانهَا۔ (اسدالغابہ،كتاب النساء،زينب بِنْت أبي سلمة:۳/۳۶۰، شاملہ،موقع الوراق) ترجمہ:وہ اپنے عصر کی فقیہ بیوی تھیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے کچھ حدیثیں روایت کیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے علاوہ حضرت اُم سلمہ رضی اللہ عنہا، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا، حضرت اُم حبیبیہ رضی اللہ عنہا اور حضر زینب بنت جحش رضی اللہ عنہا سے بھی چند حدیثیں سنیں، جن لوگوں نے اُن سے حدیث روایت کی ہے اُن کے نام یہ ہیں: امام زین العابدین رضی اللہ عنہ، ابوعبیدہ، محمدبن عطاء، عراک بن مالک، حمید ابن نافع، عروہ، ابوسلمہ، کلیب بن وائل، ابوقلابہ جرمی۔