انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** حضرت عتبہ بن مسعودؓ نام ونسب عتبہ نام ،والد کا نام مسعود تھا، نسب نامہ یہ ہے،عتبہ بن مسعود بن غافل بن حبیب ابن شمخ بن فاربن مخزوم بن صاہلہ بن کاہل بن حارث بن تمیم بن سعد بن بذیل بن مدرک حضرت عتبہؓ مشہور صحابی حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کے حقیقی بھائی تھے۔ (ابن سعد،جلد۲،ق۱:۹۳) اسلام وہجرت دعوت اسلام کے آغاز میں مشرف باسلام ہوئے،ہجرت ثانیہ میں حبشہ پھر وہاں سے مدینہ گئے۔ (ابن سعد،جلد۴،ق۱:۹۳) غزوات مدینہ آنے کے بعد سب سے اول احدمیں شریک ہوئے اوراس کے بعد کے تمام غزوات میں آنحضرت ﷺ کی ہمرکابی کا فخر حاصل کرتے رہے۔ (استیعاب:۲/۵۰۸) وفات حضرت عمرؓ کے عہدِ خلافت میں وفات پائی، ان ہی نے نماز جنازہ پڑھائی،(مستدرک حاکم:۳/۲۵۸) حضرت عبداللہ ابن مسعود اس وقت زندہ تھے، ان کو بھائی کی موت کا سخت قلق ہوا، ضبط وتحمل کے باوجود بے اختیار آنسو جاری ہوگئے، (ابن سعد:۴/۹۳)لوگوں نے تعجب کے لہجہ میں پوچھا آپ بھی روتے ہیں؟ جواب دیا میرا بھائی آنحضرتﷺ کی صحبت کا میرا ساتھ تھا، اورعمرؓ بن الخطاب کے علاوہ مجھے دنیا میں سب سے زیادہ محبوب تھا۔ (مستدرک حاکم:۳/۲۵۸) فضل وکمال عبداللہ بن مسعودؓ اپنے فضل وکمال کے لحاظ سے حبرالامۃ کہلاتے تھے،عتبہ بھی اپنی صلاحتیوں کے اعتبار سے ان سے کم نہ تھے؛لیکن دنیا سے کم سن گئے، اس لیے ان کے جوہر نہ چمکنے پائے۔ (مستدرک حاکم:۳/۲۵۸)