انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ حضرت عبداللہ بن زبیر اور ان کی خلافت کے حالات اوپر بیان ہوتے چلے آئے ہیں، مروان بن حکم کی وفات چونکہ عبداللہ بن زبیر کے عہد خلافت میں ہوئی اور اس کی وفات کے بعد بھی بہت دنوں عبداللہ بن زبیر کی خلافت قائم رہی؛ لہٰدا مناسب یہی سمجھا گیا کہ یزید بن معاویہ اور معاویہ بن یمدی کے بعد مروان بن حکم کے حالات قلمبند کئے جائیں، اس کے بعد حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ کے بقیہ حالاتِ خلافت ختم کردیئے جائیں، عبدالملک بن مروان اب تحت نشین ہوچکا ہے؛ لیکن اس کی خلافت وسلطنت کا زمانہ عبداللہ بن زبیر کی خلافت کے بعد بھی چونکہ باقی رہے گا؛ لہٰذا عبدالملک کے عنوان سے اس کی حکومت کے حالات حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ کے بعد لکھے جائیں گے؛ حادثہ کربلا کے بعد سے جوزمانہ شروع ہوتا ہے وہ آئندہ بیس سال تک عالمِ اسلام کے لیے ایسا ہی پرآشوب زمانہ ہے جیسا کہ سنہ۶ھ سے سنہ۴۰ھ تک کا زمانہ گذرچکا ہے، ہم اس وقت ایک نہایت خطرناک زمانہ کے حالات کا مطالعہ کررہے ہیں، اس زمانہ کے حالات لکھنے میں کسی تسلسل زمانی کا قائم رکھنا بھی بے حد دشوار ہے، حالات کچھ ایسے پیچیدہ وژولیدہ ہیں کہ اگرترتیب زمانی کا لحاظ ترک کرکے ان کی الگ الگ تقسیم کی جائے تویہ بھی ممکن نہیں ہے؛ تاہم میں نے کوشش کی ہے کہ دوسری تاریخوں کے مقابلے میں اس کے اندر ربط اور ترتیب زیادہ پائی جائے، پڑھنے والے کے دماغ پربوجھ کم پڑے اور حقیقت کا عکس دماغ میں عمدگی سے قائم ہوسکے۔