انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** حضرت رافع بن مالک بن عجلان حضرت رافعؓ بن مالک بن عجلان : حضرت رافعؓ کی کنیت ابو مالک اور ابو رفاعہ تھی، آپ کا تعلق قبیلہ خزرج کی شاخ بنی زریق سے تھا، قوم نے انھیں کامل کا لقب دیا تھا،۱۱ نبوت میں حضرت رافع ؓ بن مالک اور حضرت معاذ ؓ بن حارث ان چھ افراد میں شامل تھے ،جنھوں نے عقبہ کے مقام پر حضور اکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر اسلام قبول کیا تھا، آپ بیعت عقبہ اولیٰ اور بیعت عقبہ ثانی میں بھی شریک تھے، اسلام قبول کرنے کے بعد یثرب میں دعوت و تبلغ میں مشغول ہو گئے، آپ بیعت عقبہ ثانی میں بنی زریق کے نقیب منتخب کئے گئے، مواخات میں انھیں حضرت سعیدؓ بن زید کا بھائی بنایا گیاجو عشرہ مبشرہ میں شامل تھے، حضرت رافعؓ کسی وجہ سے جنگ بدر میں شریک نہ ہو سکے البتہ ان کے دونوں بیٹے حضر ت رفاعہؓ اور حضرت خلادؓ نے غزوہ بدر میں شرکت کی۔ ایک روایت ہے کہ بیعت کے بعد مکہ میں جس قدر قرآن نازل ہوا تھااسے لکھ لیا اور ساتھ لے آئے ، سورۂ یوسف سب سے پہلے یثرب میں پہنچانے کی سعادت ان ہی کے حصہ میں آئی، سورۂ طٰہ کے بارے میں بھی ایسی ہی ایک روایت ملتی ہے کہ بنی زریق کی فضاؤں میں پہلی بار پڑھا گیا۔ حضرت رافعؓ نے غزوۂ اُحد میں شرکت کر کے کافروں سے بڑی بہادری سے مقابلہ کیا اوراسی میں ان کی شہادت ہوئی۔