انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** دولتِ مغلیہ (ایشیا) ملکِ چین کے شمالی پہاڑوں سے چنگیز خان کی زیرقیادت مغلوں یاتاتاریوں کے گروہ نے مغرب کی جانب خروج کرکے ترکستان، ماوراءالنہر، خراسان، آذربائیجان، افغانستان، فارس، عراق، شام، ایشیائے کوچک، روس، آسٹریلیا تک کے تمام ملکوں کواپنی لوٹ مار اور قتل وغارت کی آماج گاہ، ساتویں صدی ہجری کے شروع میں بنالیا تھا، سینکڑوں حکومتوں کوبرباد اور سینکڑوں حکمران خاندانوں کوبے دخل کردیا، ساتویں صدی ہجری کے وسط یعنی سنہ۶۵۶ھ میں ہلاکوخاں نے بغداد کولوٹا اور بغداد کے آخری خلیفہ عباسی مستعصم باللہ کوقتل کیا، اس کا ذکر اوپر ہوچکا ہے، سنہ۶۲۴ھ میں چنگیز خاں کے فوت ہونے پرمغلوں کی سلطنت کے کئی ٹکڑے ہوگئے، چنگیز خاں کی اولاد کا ایک حصہ چین پرحکمران ہوا، ایک حصہ نے ترکستان وماوراءالنہر میں اپنی حکومت قائم کی، ایک حصہ نے خراسان وایران پراپنی حکومت قائم کی، ایک حصہ بحرقزوین کے شمالی ومغربی حصہ پرفرماں روا ہوا، ان میں مغلوں کی وہ حکومت جوایران وخراسان میں ہلاکوخاں نے قائم کی تھی، زیادہ قابل توجہ ہے، چند ہی روز کے بعد ان مغلوں کی اکثر حکومتیں اسلامی حکومتوں میں تبدیل ہوگئیں، یعنی مغلوں نے اسلام قبول کرلیا اور اسلام کے خادم بن گئے، دوسویاپونے دوسوبرس کے بعد براعظم ایشیا میں مغلوں کی حکومتیں کمزور ہوتے ہوتے نابود ہونے لگیں اور ان کی جگہ کثیرالتعداد چھوٹی چھوٹی ریاستیں جابہ جا ایران وخراسان وعراق وماوراءالنہر میں قائم ہوگئیں۔ سنہ۸۰۰ھ کے قریب ان مغلوں کے تنزل وبربادی کے عالم میں ایک شخص تیمور سردار ہوا، اس نے اپنی ملک گیریوں اور فتح مندیوں سے تمام براعظم ایشیا میں ایک تہلکہ برپا کردیا اور دُنیا کوایک مرتبہ پھرچنگیز خاں کی ملک گیریوں کا تماشہ دکھادیا، تیمور چونکہ مسلمان تھا، اس لیے اگرچہ قتل وغارت گری کے ہنگامے اس کے ذریعہ سے بھی بہت رونما ہوئے؛ تاہم اس کی ملک گیریاں زیادہ عرصہ تک نہ رہیں، انھوں نے بھی تقریباً اتنا عرصہ حکومت کی جتنا عرصہ چنگیز خاں کی اولاد نے حکومت کی تھی، جس طرح چنگیز خاں کی اولاد کا تنزل ہوا، بالکل اسی طریقہ اور اسی رفتار سے تیمور کی اولاد کا زوال ہوا، جتنے دنوں چنگیزی مغلوں نے ایشیاء کے ملکوں پرحکومت کی تھی، قریباً اتنے ہی دنوں تیمور مغلوں کا دَور دَور رہا، جب ایران وترکستان وغیرہ سے تیموری خاندان کی حکومت مٹ گئی توتیمور کی والاد میں ایک شخص بابر پیدا ہوا، اس نے ہندوستان وافغانستان میں ایک زبردست حکومت کی بنیاد ڈالی، جوعرصہ تک اس کے خاندان میں باقی رہی۔