انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** خاتم النبینﷺ پر ایمان اس بات پر بھی ہمارا ایمان ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے آخری نبی اور رسول ہیں ،اس کے بعد اب کوئی نبی آنے والا نہیں، اللہ تعالی نے آپ کے ذریعہ نبیوں کا سلسلہ بند کردیا، اور ہر نبی اپنی قوم کے لیے محدود وقت تک آیا کرتے تھے؛ لیکن حضورﷺ سارے عالم کے تمام انس وجن کے لیے اورقیامت تک کے لیے نبی اوررسول بنا کر مبعوث فرمایا اورقرآن کریم جیسی عظیم الشان مکمل محفوظ ترین کتاب عنایت فرمائی۔ اللہ تبارک وتعالی کا ارشاد ہے: "مَا کَانَ مُحَمَّدٌ اَبَآ اَحَدٍ مِّنْ رِّجَالِکُمْ وَلٰکِنْ رَّسُوْلَ اللہِ وَخَاتَمَ النَّـبِیّٖنَ" (الاحزاب:۴۰) محمد تمہارے مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں؛ لیکن اللہ کے رسول ہیں اور سب نبیوں کے ختم پر ہیں۔ (ترجمہ تھانویؒ) "وَمَآ اَرْسَلْنٰکَ اِلَّا کَآفَّۃً لِّلنَّاسِ بَشِیْرًا وَّنَذِیْرًا" (سبا:۲۸) اور ہم نے تو آپ کو تمام لوگوں کے واسطے پیغمبربناکر بھیجا ہے خوشخبری سنانے والے اورڈرانے والے۔ (ترجمہ تھانویؒ) "قُلْ یٰٓاَیُّھَا النَّاسُ اِنِّىْ رَسُوْلُ اللہِ اِلَیْکُمْ جَمِیْعَۨا" (الاعراف:۱۵۸) آپ کہدیجئے کہ اے لوگو میں تم سب کی طرف اللہ کا بھیجا ہوا ہوں۔ (ترجمہ تھانویؒ) حدیث میں آیا ہے کہ حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا کہ میری اور مجھ سے پہلے انبیاء کی مثال ایسی ہے کہ جیسے کسی شخص نے بہت ہی حسین و جمیل محل بنایا ہو؛ مگر اس کے کسی کونے میں ایک اینٹ کی جگہ چھوڑدی ہو،لوگ اس کے اردگرد گھوم کر دیکھنے لگے اور کہنے لگے یہ اینٹ کیوں نہیں لگائی گئی؟ آپ نے فرمایا:میں ہی وہ اینٹ ہوں اورمیں خاتم النبین ہوں۔ (بخاری، باب خاتم النبین صلی اللہ علیہ وسلم، حدیث نمبر:۳۲۷۱) ایک اورحدیث میں ہے: حضرت ثوبانؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا کہ میری امت میں تیس جھوٹے پیدا ہونگے،ہر ایک کا یہی خیال ہوگا کہ وہ نبی ہے؛ حالانکہ میں خاتم النبین ہوں میرے بعد کوئی نبی نہیں ۔ (ترمذی، باب ماجاء لاتقوم الساعۃ حتی یخرج، حدیث نمبر:۲۱۴۵)