انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** عہد نبویﷺ آنحضرتﷺ کو حضرت حسنؓ کے ساتھ جو غیر معمولی محبت تھی وہ کم خوش قسمتوں کے حصّہ میں آئی ہوگی، آپ نے بڑے نازونعم سے ان کی پرورش فرمائی کبھی آغوشِ شفقت میں لئے ہوئے نکلتے ،کبھی دوشِ مبارک پر سوار کئے ہوئے برآمد ہوتے ان کی ادنی ادنی تکلیف پربے قرار ہوجاتے، بغیر حسنؓ کو دیکھے ہوئے نہ رہا جاتا تھا، ان کو دیکھنے کے لئے روزانہ فاطمہ زہراؓ کے گھر تشریف لے جاتے تھے،حضرت حسنؓ اورحسینؓ بھی آپ سے بیحد مانوس ہوگئے تھے ،کبھی نماز کی حالت میں پشتِ مبارک پر چڑھ کے بیٹھ جاتے کبھی رکوع میں ٹانگوں کے درمیان گھس جاتے کبھی ریش مبارک سے کھیلتے،غرض طر ح طرح کی شوخیاں کرتے،جان نثار نانا نہایت پیار اورمحبت سے ان طفلانہ شوخیوں کو برداشت کرتے اورکبھی تادیباً بھی نہ جھڑکتے؛بلکہ ہنس دیا کرتے تھے،ابھی حضرت حسنؓ آٹھ ہی سال کے تھے کہ یہ بابرکت سایہ سر سے اٹھ گیا۔