انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** اُردو کی چند اہم تفسیریں اُردو کی چند اہم تفسیریں مولانا تحسین حیدر ندوی قرآن انسانیت کے نام خدا کا آخری ہدایت نامہ ہے اور اللہ کی طرف سے اس کی حفاظت کا وعدہ ہے، حفاظ کے ذریعہ اس کے الفاظ کی حفاظت کا ایسا نظام قائم ہے جسے سوچ کر حیرت ہوتی ہے، دنیا میں لاکھوں انسان ہیں، جنھوں نے اپنے لوح قلب پر قرآن مجید کے ایک ایک حرف کو لکھ رکھا ہے، اس لیے اس کی عبارت والفاظ میں کسی ملاوٹ وآمیزش کا امکان نہیں، اسی لیے ہردور میں بددین لوگوں نے معانی ومفاہیم کے اعتبار سے قرآن میں ملاوٹ کرنے کی کوشش کی ہے، اس پسِ منظر میں قرآن کی معنوی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ کتاب وسنت اور عربی زبان کی روشنی میں آیاتِ قرآن کے صحیح مفاہیم مرتب کردیئے جائیں؛تاکہ کسی بدنیت کو قرآن میں معنوی تحریف کی ہمت نہ ہو اور ساتھ ہی ساتھ عام مسلمان بھی یہ سمجھ سکیں کہ قرآن ان سے کیا کہتا ہے اور وہ اپنی زندگی میں اس مشعل ہدایت کو رہنما بنائیں۔ عربی زبان میں اس موضوع پر جو عظیم الشان کام ہوا ہے وہ حد شمار سے ماوراء ہے؛ لیکن عربی کے بعد تفسیر قرآن مجید پر جتنا کام اُردو زبان میں ہوا ہے شاید ہی کسی اور زبان میں اس کا نصف بھی ہوا ہو؛ یہاں ان تفسیری خدمات کا احاطہ مقصود نہیں؛ بلکہ کچھ معروف نمایاں اور اہم کتب تفسیر کا تعارف مقصود ہے۔