انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** حضرت امام اعظم ؒ کی تابعیت حضورِاکرمﷺ کی وفات کے وقت جوعمرحضرت عبداللہ بن عباسؓ کی تھی حضرت امامؒ تقریباً اسی عمر کے تھے کہ حضورﷺ کے کئی صحابہؓ موجود تھے، حضرت عبداللہ بن ابی اوفیؓ (۸۷ھ)، سہل بن سعد ساعدیؓ (۹۱ھ)، حضرت انس بن مالکؓ (۹۳ھ)، حضرت عبداللہ بن بسرؓ المازنی (۹۶ھ)، حضرت عامر بن واثلہ الاسقعؓ (۱۰۲ھ) اِس وقت زندہ تھے، حضرت عامرؓ کی وفات کے وقت حضرت امامؒ کی عمر ۲۲/سال کی تھی اور حضرت عبداللہ بن ابی اوفیؓ تورہتے ہی کوفہ میں تھے، حافظ ذہبیؒ لکھتے ہیں: "مولدہ سنۃ ثمانین رای انس بن مالکؓ غیرمرۃ لماقدم علیہم الکوفۃ"۔ (تذکرہ:۱/۱۵۸) ترجمہ:حضرت امامؒ کی پیدائش سنہ۸۰ھ میں ہوئی، آپؒ نے حضرت انس بن مالکؓ (۹۳ھ) کوجب وہ کوفہ گئے توکئی دفعہ دیکھا۔ حضرت عبداللہ بن عباسؓ حضورؐ سے گیارہ برس کی عمر میں روایت لے سکتے ہیں توحضرت امامؒ، حضرت انسؓ سے حدیث کیوں نہ سن سکتے تھے، یہ بات کسی طرح سمجھ میں نہیں آتی کہ آپؒ نے حضرت انسؓ کی بارہا زیارت کی ہو اور اُن سے احادیث نہ سنی ہوں، نہ حضرت انسؓ کے بارے میں تصور کیا جاسکتا ہے کہ وہ اپنی مجالس میں احادیث نہ پڑھتے ہوں، یہ علیٰحدہ بات ہے کہ امام نے انہیں روایت نہ کیا ہو۔