انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** جنگِ قضاعہ اس جنگ کے ایک ماہ بعد مدینے میں خبر پہنچی کہ سرحدِ شام کے قریب قبیلہ قضاعہ نے مدینہ پر حملہ آوری کے لئے لشکر جمع کیا ہے،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عمروبن العاص کو تین سو مہاجر وانصار کے لشکر کا امیر بناکر اُس طرف روانہ کیا،حضرت عمرو بن العاص رات کو سفر اوردن کو پوشیدہ مقامات میں قیام کرتے ہوئے روانہ ہوئے،دشمن کے قریب پہنچے تو معلوم ہوا کہ دشمن کی جمعیت بہت زیادہ ہے،ایک قاصد مدینہ کی طرف بھیجا گیا،یہاں سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابو عبیدہ بن الجراح کو کمک دے کر روانہ کیا،حضرت ابو عبیدہ کے پہنچنے پر لشکرِ اسلام حملہ آور ہوا،دشمن تاب مقاومت نہ لاسکا اوراُن کا تمام لشکر منتشر ہوگیا، اسلامی لشکر صحیح سالم مدینہ منورہ میں واپس آیا، مدینہ سے پانچ منزل کے فاصلے پر ساحل سمندر کے قریب قبیلۂ جہنیہ نے غدر وسرکشی اورمدینہ پر حملہ آوری کے سامان جمع کئے اس کا حال ۸ ھ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو معلوم ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابو عبیدہ بن الجراحؓ کو تین سو مہاجر و انصار کے ساتھ اُس طرف روانہ کیا، یہ مہم بغیر کسی مقابلہ اورمقاتلہ کے واپس آئی اوردشمنوں پر اس مہم کی خبر ہی سُن کر ہیبت طاری ہوگئی۔