انوار اسلام |
س کتاب ک |
تراویح میں ختمِ قرآن کا صحیح طریقہ کیا ہے؟ ویسے تو قرآن سورہٴ والناس پر ختم ہوجاتا ہے، لہٰذا اگر کوئی حافظ سورة الناس آخری رکعت میں پڑھے اور سورة البقرہ شروع نہ کرے تو یہ دُرست ہے، لیکن جو حفاظِ کرام سورة الناس کے بعد بیسویں رکعت میں سورة البقرہ شروع کردیتے ہیں یا اُنیسویں رکعت میں سورة البقرہ اور بیسویں رکعت میں سورہٴ والصافات کی آخری دُعائیہ آیات پڑھتے ہیں تو اگر اس طریقہ کو وہ لازم نہیں سمجھتے ہیں تو اس طرح سے ختمِ قرآن کرنے میں کوئی حرج نہیں،بلکہ سورة الناس کے بعد سورة البقرہ شروع کرنے میں اس بات کی طرف لطیف سااشارہ ہے کہ تلاوتِ قرآن میں تسلسل ہونا چاہئے اور حدیث شریف میں اس کی تعریف آئی ہے کہ آدمی قرآنِ کریم ختم کرکے دوبارہ شروع کردے، اس لئے یہ بہتر ہے کہ ایک قرآن ختم کرکے فوراً دُوسرا قرآن شروع کردیا جائے، البتہ اس طریقہ کو اگر لازم سمجھا جائے تو دُرست نہیں۔ (آپ کے مسائل اور اُن کا حل:۳/۶۴، کتب خانہ نعیمیہ دیوبند۔فتاویٰ محمودیہ:۷/۲۹۱،مکتبہ شیخ الاسلام دیوبند)