انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** بہرہ شیر کی فتح بہرہ شیر ایک مقام کا نام تھا جو مدائن کے قریب ایک زبردست قلعہ اور شہر تھا، بہرہ شیر میں شاہی باڈی گارڈ کا ایک زبردست رسالہ اور دارالسلطنت کی حفاظت کے لئے نہایت زبردست اوربہادر فوج رہتی تھی،مدائن اوربہرہ شیر کے درمیان دریائے دجلہ حائل تھا، بہرہ شیر اس طرف تھا اوردجلہ کے اُس طرف مدائن تھا، شہنشاہِ ایران کبھی بہرہ شیر میں بھی آکر رہتا تھا،یہاں بھی شاہی ایوان اورشاہی کارخانے موجود تھے،اسلامی لشکر کوثی سے آگے بڑھا،تو بہرہ شیر پہنچنے تک کئی مقامات پر ایرانیوں کا مقابلہ کرنا پڑا اوران کو شکست دے کر راستے سے ہٹانا پڑا ،یہاں تک کہ مسلمانوں نے بہرہ شیر کا محاصرہ کرلیا،یہ محاصرہ تین مہینے تک جاری رہا،آخر محصورین سختی سے تنگ آکر مقابلہ پر آمادہ ہوئے،اور شہر پناہ سے باہر مقابلے پرآئے، بالآخر مقتول و مفرور ہوئے اوراسلامی لشکر فاتحانہ بہرہ شیر میں داخل ہوا بہرہ شیر کے مفتوح ہوتے ہی یزد جرد نے مدائن سے بھاگنے اوراموال وخزائن کے مدائن سے منتقل کرنے کی تدابیر اختیار کیں ،مدائن سے یزد جرد کا معہ خزائن کے بھاگ جانا مسلمانوں کے لئے خطرات کا بدستور باقی رہنا تھا۔