انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** دولت ایوبیہ اتابکان شام وعراق کا ذکر اوپر ہوچکا ہے، ان میں عمادالدین زنگی نے کردستان کے رہنے والے ایک کردسردار مسمی ایوب بن شادی کوشہربعلبک کا محافظ وحاکم اپنی طرف سے مقرر کیا تھا، رفتہ رفتہ وہ بڑا سردار ہوگیا، ایوب کا ایک چھوٹا بھائی شیرکوہ تھا، عمادالدین کے فوت ہونے پرجب اس کا بیٹا نورالدین محمود زنگی تخت نشین ہوا تواس نے شیر کوہ کوحمص اور رحبہ کی حکومت عطا کی، شیرکوہ کی قابلیت وبہادری کا اندازہ کرکے نورالدین نے شیرکوہ کواپنی فوج کا سپہ سالار بنایا، جب نورالدین نے شیرکوہ کومصر کی طرف بھیجا تواس کے بھتیجے صلاح الدین بن ایوب کوبھی مصر کی جانب روانہ کیا، یہ تذکرہ پہلے بیان ہوچکا ہے، صلاح الدین نے سنہ۵۶۴ھ میں اپنی حکومت کی بنیاد قائم کی؛ پھربہت جلد اس کی حکومت میں مصروشام وحجاز وغیرہ شامل ہوگئے، صلاح الدین کی قائم کی ہوئی سلطنت کا نام دولت ایوبیہ ہے، اس خاندان میں سنہ۶۴۸ھ تک حکومت قائم رہی، صلاح الدین کے بعد اس خانان کے بھی کئی ٹکڑے ہوگئے، حماۃ میں اس خاندان کی ایک شاخ سنہ۷۴۲ھ تک قائم رہی، اس خاندان کی جوشاخ مصر میں حکمران تھی، اس کوایوبیہ عادلیہ کہتے ہیں، انہیں کے جانشین مصر میں مملوک ہوئے۔