انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** مغلوں کا مذہب مغلوں کے دین و مذہب کاکوئی پتہ نہیں صرف اس قدر معلوم ہوتا ہے کہ اُن کے یہاں ایک خالق وقادر ہستی کا تصور ضرور تھایعنی وہ خدائے تعالی کے قائل تھے باقی عبادات اُن کے بہت کچھ ہندوستان کے غیر آریہ یعنی قدیم باشندوں کی عبادات سے مشابہہ تھے،اس ملک میں ضرور کوئی نہ کوئی پیغمبر مبعوث ہوئے ہوں گے اورخدائے تعالی کی طرف سے ہدایت ناموں کو فراموش کرچکے تھے، اُن میں حرام وحلال کی بھی کوئی قید نہیں تھی،ہر ایک چیز کھالیتے تھے اورہر ایک کام کر گزرتے تھے،کچھ ملک کی آب وہوا،کچھ قبائل کی عداوتیں مل ملا کر اس کا باعث ہوئی تھیں کہ مؤرخین نے مغلوں کے مذہب کی نسبت لکھ دیا ہے کہ اُن کا مذہب انسانوں کو قتل کرنا تھا اور بس اُن میں ستارہ پرستی اورعناصر پرستی بھی پائی جاتی تھی اگرچہ اُن کو مجوسی نہیں کہہ سکتے تاہم آتش پرستی بھی اُن میں موجود تھی،مذہب اورعقائد کے اعتبار سے ایسی پست اورجاہل قوم میں چنگیز خاں کا وجود ایک صلح اورمجدد کا مرتبہ رکھتا ہے،اُس نے سب سے پہلے تمام مغولستان میں اپنی مضبوط سلطنت بہت ہی جلد قائم کرلی اوراُس کے بعد وہ مغلوں کی اخلاقی و معاشری اصلاح کی طرف متوجہ ہوگیا۔