انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** حضرت عبداللہ بن زید بن صام نام ونسب عبداللہ نام، ابو محمد کنیت، قبیلۂ خزرج سے ہیں،نسب نامہ یہ ہے عبداللہ بن زید بن عاصم بن کعب بن عمرو بن عوف بن مبذول بن عمرو بن غنم بن مازن بن نجار بن ثعلبہ بن عمرو بن خزرج، ماں کانام ام عمارہ تھا۔ اسلام ہجرت کے بعد مسلمان ہوئے۔ غزوات بدر کے علاوہ تمام غزوات میں شرکت کی ،مشہد بیعت رضوان میں موجود تھے، (بخاری:۲/۵۹۹) جنگ یمامہ میں نہایت نمایاں حصہ لیا، مسیلمہ کذاب مدعی نبوت نے ان کے بھائی حبیب بن زید کو قتل کرادیا تھا، حضرت عبدؓ اللہ وقت کے منتظر تھے جنگ یمامہ میں خوش قسمتی سے موقع مل گیا، پہلے حضرت وحشیؓ نے مسیلمہ کو تیر مارا پھر حضرت عبداللہ نے بڑھ کر تلوار کا وار کیا اورقتل کردیا۔ (اسد الغابہ:۳/۱۶۸) وفات ۶۳ھ میں خود قتل ہوئے،یزید بن معاویہ کی خلافت سے تمام مدینہ بیزارتھا اس بنا پر اس کی بیعت توڑ کر حضرت عبداللہ بن حنظلہؓ انصاری سے بیعت کی،یزید نے ایک لشکر بھیجا ،حضرت ابن حنظلہؓ نے تمام شہر سے جہاد پر بیعت لینا شروع کی، حضرت عبداللہ ؓ کو خبر ہوئی تو پوچھا بیعت کی شرط کیا ہے؟ جواب ملا موت !بولے کہ میں رسول اللہ ﷺ کے بعد کسی سے اس شرط پر بیعت نہیں کرسکتا۔ (بخاری:۲/۵۹۹) لیکن چونکہ یہ حق و باطل کا معرکہ تھا ،اپنے دو بیٹوں کے ساتھ میدان میں پہنچے اور وہیں شہادت حاصل کی، یہ ماہ ذی الحجہ کی اخیر تاریخوں کا واقعہ ہے۔ اس وقت بقول واقدی وہ ۷۰ برس کے تھے ؛لیکن ہمارے نزدیک یہ صحیح نہیں غزوۂ احد میں ان کی شرکت مسند میں بالتصریح مذکور ہے (مسند:۴/۴۱) اور اسماء الرجال کے تمام مصنفین کا بھی اس پر اتفاق ہے؛بلکہ بعض نے تو بدر کی شرکت بھی تسلیم کی ہے، غزوہ کی شرکت کے لئے ۱۵ سال کی عمر شرط ہے، اس بنا پر وہ احد میں کم از کم پندرہ برس کے ضرور تھے اوراس لئے وفات کے وقت ان کی عمر ۷۵ سال ٹھہرتی ہے۔ اولاد دو لڑکے تھے،خلاد اورعلی، حرہ میں قتل ہوئے۔ فضل وکمال چند حدیثیں روایت کیں ،راویوں کے نام یہ ہیں، عباد بن تمیم (بھتیجے تھے) سعید بن مسیب ،یحییٰ عمارہ، واسع بن حیان ،عبادہ بن حبیب، ابو سفیان ،مولی ابن ابی احمد اخلاق حب رسول کا منظر یہ ہے کہ ایک مرتبہ آنحضرتﷺ ان کے مکان پر تشریف لے گئے ، وہ پانی لائے اورآپ نے وضو کیا (مسند:۴/۴۱)آپ نے جس طرح وضو کیا تھا انہوں نے یاد کرلیا،چنانچہ ایک زمانہ کے بعد جب لوگوں نے آنحضرتﷺ کے وضو کی کیفیت پوچھی تو خود اسی طرح وضو کرکے بتلایا۔ (مسند:۴/۳۸)