انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** حضرت جعفر صادقؒ (۱)چار چیزیں ایسی ہیں کہ جن سے کسی شریف کو کراہت کرنی زیبا نہیں : اپنے باپ کے لئے اپنی جگہ سے اٹھ کھڑا ہونا ، اپنے مہمان کی خدمت کرنا ، اپنی سواری کے جانور کی خود نگہداشت کرنا اگر چہ اس کے سیکڑوں غلام اور نوکر کیوں نہ ہوں ، اور جس سے علم حاصل کر رہا ہے اس کی خدمت کرنا ۔ (۲)نیکی کامل نہیں ہوتی مگر تین باتو ں سے ایک یہ کہ جب اس کو کرو تو اس کو چھوٹی سمجھو ، دوسرے یہ کہ اس کو پوشیدہ رکھو ، تیسرے یہ کہ اس میں عجلت کرو ، کیونکہ جب تم اس کو حقیر سمجھو گے تو وہ بڑی ہوجائے گی ، اور جب اس کو چھپاؤگے تو اس کو کامل طور سے ادا کرسکوگے ، اور جب اس میں جلدی کروگے تو خوشگوار بنانے کی سعی کروگے ۔ (۳)جب کسی آدمی کی طرف دنیا توجہ کرتی ہے تو غیروں کی خوبیاں بھی اس کو دے دیتی ہے یعنی وہ آدمی خوشنما معلوم ہونے لگتا ہے ، اور جب اس سے منہ پھیرتی ہے تو اس کی ذاتی خوبیاں بھی لے لیتی ہے یعنی لوگوں کی نظروں میں بدنما ہوجاتا ہے ۔ (۴)جب تم کو اپنے بھائی کی کوئی ایسی بات پہونچے جو تم کو ناگوار ہو تو کہو کہ شاید اس کے پاس کوئی عذر ہو جس کو میں نہیں جانتا ۔ (۵)جب تم کسی مسلمان کے بارے میں کوئی بات سنو تو جہاں تک تمہاری قدرت ہو اس کو عمدہ پہلو پر ڈھالو یہاں تک کہ اگر کوئی عمدہ پہلو تم کو نہ ملے تو خود اپنے آپ کو ملامت کرو ۔ (۶)جب تم سے گناہ سرزد ہو تو استغفار کرو کیونکہ پیدا ہونے کے پہلے ہی سے گناہ طوق بن کر لوگوں کے گلے میں پڑا ہوا ہے ، یقیناً پوری ہلاکت تو بس اس گناہ پر اصرار کرنا ہے ۔ (۷)جس کو روزی ملنے میں تاخیر ہو اس کو کثرت سے استغفار پڑھنا چاہئے اور جس کو اپنا کومال پسند ہو اور وہ اس کو باقی رکھنا چاہتا ہو تو "ماشاء اللہ لاقوۃ الا باللہ" کہنا چاہئے ۔