انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** ضماد ازدی یمن کے رہنے والے تھے اور قبیلہ ازد سے تعلق تھا، آسیب اتارنا اور جھاڑ پھونک کرنا ان کا پیشہ تھا ، جب وہ مکہ گئے تو وہاں کے بعض لوگوں نے کہا کہ محمدﷺ(نعوذ باﷲ)پاگل ہیں، انھوں نے سوچا کہ کیوں نہ میں اس شخص کے پاس جاؤں شائد میرے ہی ہاتھوں سے اﷲ انھیں شفادے دے، چنانچہ حضورﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور کہا : اے محمد(ﷺ)! میں آسیب اتارنے کے لئے جھاڑ پھونک کیا کرتاہوں کیا آپ کو بھی اس کی ضرورت ہے ، آپﷺ نے جواب میں فرمایا : " یقیناً ساری تعریف اﷲ کے لئے ہے ، ہم اسی کی تعریف کرتے ہیں اور اسی سے مدد چاہتے ہیں ، جسے اﷲ ہدایت دے دے اسے کوئی گمراہ نہیں کرسکتا اور جسے اﷲ بھٹکا دے اسے کوئی ہدایت نہیں دے سکتا اور میں شہادت دیتاہوں کہ اﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ تنہا ہے اس کا کوئی شریک نہیں، اور میں شہادت دیتا ہوں کہ محمدﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں" یہ سن کر ضمادؓ نے حضور ﷺ سے دوبارہ وہ کلمات سنانے کی درخواست کی ، حضور ﷺ نے تین بار دہرایا ، اس کے بعد ضمادؓ نے کہا میں کاہنوں ، جادوگروں اور شاعروں کی بات سن چکا ہوں؛ لیکن میں نے آپﷺ کے ان جیسے کلمات کہیں نہیں سنے جو سمندر کی گہرائی تک پہنچے ہوئے ہیں، لائیے اپنا ہاتھ بڑھائیے تاکہ میں اسلام پر بیت کروں ، اس کے بعد انھوں نے اسلام قبول کرلیا۔