انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** حوض کوثر اِنَّآ اَعْطَیْنٰکَ الْکَوْثَرَ (اے پیغمبر)یقین جانو ہم نے تم کوکوثر عطا کی ہے۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ ایک روز ہمارے درمیان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف فرما تھے اچانک آپ پر کچھ کیفیت طاری ہوگئی کچھ دیر کے بعد مسکراتے ہوئے سر اٹھایا،ہم نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ آپ کے مسکرانے کا سبب کیا ہےفرمایا:ابھی مجھ پر ایک سورت اتری ہے پھر حضورﷺ نے پڑھا: بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ ،اِنَّآ اَعْطَیْنٰکَ الْکَوْثَرَ الخ: اور ارشاد فرمایاکیا تم کو معلوم ہے کوثر کیا چیز ہے ہم نے عرض کیا اللہ اور اس کے رسول ہی بخوبی واقف ہے فرمایا: یہ ایک نہر ہے،جس کو عطا کرنے کا وعدہ مجھ سے میرے رب نے کرلیا ہے اس میں بہت سی خوبیاں (جمع) ہیں،قیامت کے دن اسی حوض پر میری امت اترے گی،اس کے ظروف ستاروں کی تعداد کے برابر ہوں گے..الخ ۔ (مسند احمد،مسند انس بن مالک،حدیث نمبر:۱۱۵۵۸) حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:میرے حوض کی مسافت ایک مہینہ کی ہے اور اس کے دونوں کنارے بالکل برابر ہیں یعنی اس کی لمبائی چوڑائی برابر ہے ،اس کا پانی چاندی سے زیادہ سفید ہےاور اس کی خوشبو مشک سے بھی اچھی ہے اور اس کے کوزے آسمان کے تاروں کی طرح (بے شمار)ہیں،جو اس کا پانی پی لے گا اس کو کبھی پیاس نہیں لگے گی ۔ (مسلم،باب اثبات حوض نبینا،حدیث نمبر:۴۲۴۴)