انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** حضرت ابو عثمان جبریؒ (م:۲۹۸ھ) ۱۔اللہ کی صحبت میں حسن ادب،دوام ہیبت اورمراقبہ کو مد نظر رکھو،رسول اللہ ﷺ کی صحبت میں اتباع سنت اورظاہری علم کی پابندی کا خیال رکھو،اولیاء اللہ کی صحبت میں احترام اورخدمت کا خیال رکھو،گھر والوں کی صحبت میں حسن خلق مد نظر رکھو۔ برادری کی صحبت میں ہمیشہ خندہ پیشانی کے ساتھ رہو بشرطیکہ کوئی گناہ کی بات نہ ہو اور جاہلوں کی صحبت میں ان کے لئے دعا کرتے رہو اور ان پر رحم کیا کرو۔ ۲۔چالیس سال مجھے اسی حال میں گذر گئے کہ اللہ نے مجھے جس حال میں رکھا، میں نے اسے برا نہیں جانا یا اگر کسی اورحالت کی طرف منتقل کردیا، تب بھی ناراض نہیں ہوا۔ ۳۔ظاہر میں سنت کے خلاف کرنا باطن میں ریاکاری کی علامت ہے۔ (الرسالۃ القشیر یۃ،ص:۴۶) ۴۔زہد یہ ہے کہ تو دنیا کو چھوڑدے اور اس کی پرواہ نہ کرے کہ اسے کون لیتا ہے۔ (الرسالۃ القشیریۃ،ص:۱۶۱) ۵۔اللہ تعالیٰ زاہد کو اس کی خواہش سےزیادہ عطاء کرتا ہے اوردنیا کی رغبت کرنے والے کو اس کی خواہش سے کم دیتا ہے اورقانع شخص کو اسی قدر عطاء کرتا ہے،جتنا وہ چاہتا ہے۔ (الرسالۃ القشیریۃ،ص:۱۶۳) ۶۔خالق کی طرف ہمیشہ نگاہ رکھنے کی وجہ سے مخلوق کی رؤیت کو بھلانے کا نام اخلاص ہے۔ (الرسالۃ القشیریۃ،ص:۲۹۶)