انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** ورثہ حضورﷺ کے والد تو آپﷺ کی ولادت سے قبل ہی وفات پا چکے تھے، تاجر باپ نے ورثہ میں بہت کچھ چھوڑا جس کی تفصیل محمد بن سعد کی" طبقات ابن سعد" ابن جوزی کی " الوفا" اور ماوردی کی " احکام السلطانیہ" میں موجود ہے، ان کے بموجب آپ ﷺ کو ترکہ میں ایک کھلائی اُم ایمن، دو غلام شقران اور صالح، پانچ آوارک اونٹ جو بڑی اعلیٰ نسل کے ہوتے ہیں اور جن کی خوراک درخت ِ اراک (پیلو) کے پتے ہیں، بھیڑوں کا ایک گلّہ ، اس کے علاوہ شعب بنی ہاشم کے جس گھر میں آپﷺ کی والدہ رہتی تھیں آپ ﷺ کو ملا، نیز شہر مکہ میں حضرت عبد اللہ کی ایک خیاطی کی دوکان جہاں کپڑا بکتا اور سِلتاتھا معہ حضرت عبداللہ کا سامانِ تجارت ‘ نقد و جنس‘ چمڑا اور کھجور بھی آپ ﷺ کو ملا۔ اُمِ ایمن کے بارے میں حضور ﷺ فرمایا کرتے تھے کہ یہ خاتون میری والدہ کے بعد میری ماں ہیں، حضورﷺ جب نبی بنائے گئے تو اُم ایمن اولین تصدیق کرنے والوں میں سے ہو گئیں، حضورﷺ نے انہیں آزاد کر دیا ، ان کا پہلا نکاح بنی حارث کے عبید بن زید بن عمرو سے ہوا جن سے ایمن پیدا ہوئے جن کے نام پر ان کی کنیت اُمّ ایمن تھی، پہلے شوہر کے انتقال کے بعد حضورﷺ نے اپنے آزاد کردہ غلام حضرت زید ؓ بن حارثہ سے ان کا نکاح کروایا جن سے اُسامہ بن زیدؓ پیدا ہوئے ، اُمّ ایمن نے دو ہجرتیں کیں ، پہلی حبشہ دوسری مدینہ، حضرت عثمانؓ کے عہد خلافت میں ان کی وفات ہوئی۔