انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** جانوروں سے متعلق معجزات اونٹ صحیحین میں حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ میں ایک جہاد کے سفر میں آنحضورﷺ کے ہمراہ تھا میرا اونٹ تھک کر چلنے سے ہارگیا،آنحضورﷺ سے ملاقات ہوئی تو آپﷺ نے فرمایا کہ تمہارے اونٹ کو کیا ہوگیا ہے؟میں نے کہا تھک گیا ہے، آپ نے پلٹ کر اس اونٹ کو ہانکا اور دعا فرمائی، اس کا یہ اثر ہوا کہ میرا اونٹ سب سے آگےرہا کرتاتھا،اس کے بعد آپ نے اونٹ کا حال پوچھا تو میں نے کہا کہ آپ کی برکت سے اچھا ہے، اس کے بعد آپﷺ نے چالیس درہم کے عوض وہ اونٹ مجھ سے خرید لیا۔ مسلم اور ابوداؤد نے عبداللہ بن جعفرؓ سے روایت کی ہے کہ نبی کریمﷺ ایک باغ میں تشریف لے گئے ،وہاں ایک اونٹ اتنا شریر تھا کہ جو باغ میں جاتا اسے کاٹ لیتا، آنحضورﷺنے اسے بلایا تو وہ آپﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور حاضر ہوکر آپﷺ کو سجدہ کیا اور پھر آپ کے سامنے بیٹھ گیا، آپﷺ نے اس کی ناک میں نکیل ڈال کر فرمایا کہ آسمان وزمین کی تمام چیزیں سوائے نافرمان جن اور انس کے جانتی ہیں کہ میں اللہ کا رسول ہوں ،یہ حدیث طریق متعددہ سے مروی ہے ابو نعیم ،بیہقی ،امام احمد،دارمی اور بزار نے بھی روایت کیا ہے۔ حاکم،طبرانی،ابونعیم نے روایت کی ہے کہ نبی کریمﷺ کی خدمت میں پانچ یا چھ یا سات اونٹ عیدالاضحی کے دن قربانی کے لیے لائے گئے تو ان اونٹوں میں سے ہر ایک آپِ کی طرف پیش قدمی کرتا اور آواز دیتا تھا کہ پہلے مجھےذبح کریں اور حضورﷺ کے دست مبارک سے پہلے میں ذبح کیاجاؤں۔