انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** بغاوت آرمینیا وآذربائیجان افشین اپنے ایک رشتہ دار کوجس کا نام منکجور تھا، اپنا قائم مقام بناکر اور آذربائیجان کی حکومت سپرد کرکے خود دارالخلافہ میں سکونت پذیر تھا، منکجور کوآذربائیجان کے کسی قصبہ میں بابک خرمی کا بہت ساخزانہ مل گیا، منکجور نے اس کی اطلاع خلیفہ کونہیں کی اور خود اپنا قبضہ کرلیا، معتصم کے پرچہ نویس نے اس کی اطلاع معتصم کودی، منکجور کواس کا حال معلوم ہوا تووہ پرچہ نویس کے قتل پرآمادہ ہوگیا، پرچہ نویس نے باشندگانِ اردبیل سے پناہ طلب کی، اہل اردبیل نے منکجور کواس حرکت سے باز رکھنا چاہا تووہ ان کے بھی درے قتل ہوگیا، معتصم کوجب یہ حال معلوم ہوا تواس نے منکجور کی معزولی کا فرمان افشین کے پاس بھیج دیا اور بغاکبیر کوبجائے منکجور کے مع فوج آذربائیجان کی طرف روانہ کردیا، منکجور یہ سن کرکہ میں معزول ہوگیا ہوں اور میرے بجائے بغاکبیر آرہا ہے، بغاوت پرآمادہ ہوگیا، اردبیل سے نکل کرمعرکہ آرا ہوا، اس لڑائی میں منکجور کوشکست ہوئی اور بغانے آگے بڑھ کرارد بیل پرقبضہ کیا، منکجور فرار ہوکر آذربائیجان کے کسی ایک قلعہ میں قلعہ بند ہوکر بیٹھا رہا، قریباً ایک مہینہ قلعہ بند رہا، آخر اس کے ہمراہیوں میں سے ایک شخص نے بہ حالتِ غفلت اس کوگرفتار کرکے بغاکبیر کے سپرد کردیا، بغاکبیر اس کولیے ہوئے سامرا میں واپس آیا اور خلیفہ معتصم کی خدمت میں پیش کردیا، خلیفہ نے اس کوجیل خانے بھجوادیا۔