انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
ستر ہزار مرتبہ کلمہ طیبہ پڑھنے کے کیا فائدے ہیں؟ کسی مرحوم کو عذاب ہورہا ہو اور اس کو کلمۂ طیبہ پڑھ کر بخشا گیا تو اس کا عذاب دور ہوگیا، اس قسم کا واقعہ ہمارے شیخ حضرتِ اقدس مولانا محمد زکریا مہاجرِ مدنی قدس سرہ نے شیخ ابویزید قرطبی سے نقل کیا ہے، وہ فرماتے ہیں کہ:"میں نے یہ سنا کہ جو شخص ستر ہزار مرتبہ "لا الٰہ الا اللہ" پڑھے، اس کو دوزخ سے نجات ملے، میں نے یہ خبر سن کر ایک نصاب یعنی ستر ہزار کی تعداد اپنی بیوی کے لئے پڑھا اور کئی نصاب خود اپنے لئے پڑھ کر ذخیرہٴ آخرت بنایا، ہمارے پاس ایک نوجوان رہتا تھا، جس کے متعلق یہ مشہور تھا کہ یہ صاحبِ کشف ہے، جنت و دوزخ کا بھی اس کو کشف ہوتا ہے، مجھے اس کی صحت میں کچھ تردّد تھا، ایک مرتبہ وہ نوجوان ہمارے ساتھ کھانے میں شریک تھا، کہ دفعتاً اس نے چیخ ماری اور سانس پھولنے لگا اور کہا کہ:میری ماں دوزخ میں جل رہی ہے، اس کی حالت مجھے نظر آئی۔ قرطبی کہتے ہیں کہ میں اس کی گھبراہٹ دیکھ رہا تھا، مجھے خیال آیا کہ ایک نصاب اس کی ماں کو بخش دوں، جس سے اس کی سچائی کا بھی مجھے تجربہ ہوجائے گا، چنانچہ میں نے ایک نصاب ستر ہزار کا اُن نصابوں میں سے جو اپنے لئے پڑھے تھے، اس کی ماں کو بخش دیا، میں نے اپنے دِل میں چپکے ہی سے بخشا تھا اور میرے اس پڑھنے کی خبر بھی اللہ کے سوا کسی کو نہ تھی، مگر وہ نوجوان فوراً کہنے لگا کہ:چچا!میری ماں دوزخ کے عذاب سے ہٹادی گئی۔ قرطبی کہتے ہیں کہ مجھے اس قصے سے دو فائدے ہوئے، ایک تو اس برکت کی جو ستر ہزار کی مقدار پر میں نے سنی تھی، اس کا تجربہ ہوا، دُوسرے اس نوجوان کی سچائی کا مجھے یقین ہوگیا۔ (آپ کے مسائل اور اُن کا حل:۲/۲۸۴، کتب خانہ نعیمیہ، دیوبند)