انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** اللہ ہی رب ہے اللہ تعالی ہی ہر چیز کو پیدا کرنے والا اور پالنے والا ہے ، اس کو اللہ تعالی خود اپنے کلام پاک میں کئی جگہ بتلایا ہے، چنانچہ اللہ تعالی فرماتے ہیں: "الْحَمْدُ للّہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ"۔ (الفاتحۃ:۱) سب تعریفیں اللہ ہی کے لائق ہیں جو پالنےوالے ہیں ہرہرعالم کے جو بڑے مہربان نہایت رحم والے ہیں۔ اور اپنے رب ہونے کو ثابت کرتے ہوئے فرماتے ہیں: "قُلْ مَن رَّبُّ السَّمَاوَاتِ وَالأَرْضِ قُلِ اللہُ"۔ (الرعد:۱۶) آپ کہئے کہ آسمانوں او زمین کا پروردگار کون ہے؟ آپ کہہ دیجئے کہ اللہ ہے۔ (ترجمہ حضرت تھانویؒ) اور اپنے رب اور معبود حقیقی ہونے کا یوں اظہار کیا: "رَبِّ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَمَا بَیْنَہُمَا إِن کُنتُم مُّوقِنِیْنَo لَا إِلَہَ إِلَّا ہُوَ یُحْیِیْ وَیُمِیْتُ رَبُّکُمْ وَرَبُّ آبَائِکُمُ الْأَوَّلِیْنَ"۔ (الدخان:۶،۷) جو کہ مالک ہے آسمانوں اور زمین کا اور جو ان دونوں کے درمیان میں ہے اس کا بھی،اگر تم یقین لانا چاہو،اس کے سوا کوئی لائق عبادت نہیں، وہی جان ڈالتا ہے اور وہی جان نکالتا ہے، وہ تمہارا بھی پروردگار ہے اور تمہارے اگلے باپ داداؤں کا بھی پروردگار ہے۔ (ترجمہ حضرت تھانویؒ) اس کے علاوہ بے شمار آیات ہیں جو اللہ تعالی ہی کے رب ہونے کو بتلاتی ہیں۔ مصیبت اور تکلیف کے وقت حضورﷺ کا معمول تھا کہ آپﷺ ان کلمات کا ورد فرمایا کرتے تھے، جو اللہ ہی کے رب ہونے پر دلالت کرتے ہیں جیسے: "لاَ اِلٰہَ اِلاَّ اللہُ العَظِیْمُ الحَلِیْمُ، لاَ اِلٰہَ اِلاَّ ھُوَ رَبُّ العَرْشِ العَظِیْمُ، لاَ اِلٰہَ اِلاَّ اللہُ رَبُ السَمٰوَاتِ وَرَبُّ الأَرْضِ وَرَبُّ العَرْشِ الکَرِیمُ"۔ (مسلم، باب دعاء الکرب،حدیث نمبر:۴۹۰۹) ترجمہ: عظمت والے اور برد بار اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ عرش عظیم کا مالک ہے ، اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں ، وہ آسمانوں اور زمین کا رب اور عزت والے عرش کا مالک ہے۔ ۲۔تمام انبیاء ورسل علیہم السلام اللہ تعالی ہی کے رب ہونے پر یقین رکھتے تھے، اسی کو مدد کے لیے پکارتے تھے اور یہ حضرات، لوگوں میں سب سے زیادہ شعور،معرفت میں کامل اور قول کے سچے تھے، اور روئے زمین کی تمام مخلوقات سے بڑھ کر انہیں اللہ تعالی کی اور اس کے صفات کی معرفت(پہچان) حاصل تھی۔ ۳۔ علم و عقل اور حکمت وفراست کے حامل کروڑوں انسانون کا کائنات کے رب کی ربو بیت پر پختہ یقین اور اعتراف واعلان بھی اس عقیدہ کی صداقت پر ایک دلیل ہے ۔ ۴۔ اسی طرح بے شمارعقلمند اور سلیم الفطرت انسانوں کا یہ یقین کامل کہ اللہ ہی جملہ مخلوق کامربی اور پالنہار ہے۔