انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
جدید طریقۂ علاج کے احکام انجکشن وغیرہ کے ذریعہ اولاد حاصل کرنا کیسا ہے؟ تحقیق وتفتیش سے انجکشن کے دومقصد معلوم ہوئے: (۱)اوّل توانا اور خوبصورت بچے پیدا کرنا (۲)دوم آزادی ،اور درحقیقت مقصدِ اوّل بھی مقصدِ دوم ہی کا ایک شعبہ ہے.... ممکن ہے کہ ان دومقصدوں کے علاوہ کوئی اور بھی نیک مقصد ہو؛ لیکن جوعمل بہت سارے مفاسد پر مشتمل ہو اور اس سے احکامِ الہٰیہ اور نصوصِ شرعیہ کی مخالفت ہوتی ہو؛ خواہ کتنی ہی نیک نیتی سے کیا جائے، وہ کسی طرح حدِّجواز میں نہیں آسکتا۔ (فتاویٰ محمودیہ:۱۸/۳۲۷۔۳۲۵) ایک انسان کا خون دوسرے انسان میں داخل کرنا کیسا ہے؟ انسان کے خون کودوا میں بھی استعمال کرنا جائز نہیں؛ اگراضطراری کیفیت ہو کہ بغیر انسانی خون کے جان بچنے کی کوئی صورت نہ ہو توایسی مجبوری کی حالت میں اس کی گنجائش ہے؛ لیکن خون کی خریدوفروخت کا کاروبار جائز نہیں؛ نیز شوہر کا خون بیوی کے جسم میں داخل کرنے سے یااس کے برعکس نکاح فاسد نہیں ہوتا اور اسی طرح غیرمسلم کا خون مسلمان کے جسم میں داخل کرنے سے مسلمان ایمان سے خارج نہیں ہوتا۔ (فتاویٰ محمودیہ:۱۸/۳۳۲-۳۲۸،جدید فقہی مسائل:۱/۳۲۴) موت میں مددگار دواؤں کا استعمال؟ کسی بھی مصلحت کے تحت مریض کی اپنی اجازت سے یااس کے علم واطلاع کے بغیر ایسی مہلک دواؤں کا استعمال جائز نہیں اور جہاں تک یہ مصلحت ہے کہ اس کے متعلقین کواس کی گرانباری سے نجات ملے تویہ عمل غیراسلامی ہونے کے ساتھ ساتھ غیرانسانی بھی ہے۔ (جدید فقہی مسائل:۱/۳۳۳)