انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** عرب بائدہ ان سب سے قدیم باشندوں کے مختلف قبائل تھے جن کے نام عاد، ثمود،عبیل،عمائقہ،طسم،جدیس،امیم،جرہم،حضر موت، حضور،عبدضخم وغیرہ ہیں، یہ سب کے سب لاذ ابن سام ابن نوح ؑ کی اولاد سے تھے، ان کا تمام جزیرہ نمائے عرب میں دور دور ہ رہا اوران کے بعض بادشاہوں نے مصر تک کو فتح کیا،اُن کے تفصیلی حالات تاریخوں میں نہیں ملتے؛ لیکن نجد واحقاف وحضر موت ویمن وغیرہ میں ان لوگوں کی بعض عمارات اورآثارِ قدیمہ،بعض پتھروں کے ستون، بعض زیورات، بعض سنگ تراشیاں ایسی موجود ملتی ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ اپنے زمانہ میں یہ لوگ خوب طاقتور اورصاحبِ رعب وجلال ہوں گے،ان قبائل میں عاد بہت مشہور قبیلہ ہے،یہ قوم ارض احقاف میں رہتی تھی،عاد ابن عوص ابن ارم، ابن سام جس کے نام سے یہ قوم مشہور ہوئی عرب کا سب سے پہلا بادشاہ تھا، اُس کے تین بیٹے۔ (۱)شداد (۲)شدید (۳)ارم تھے، جو یکے بعد دیگرے سلطنت کرتے رہے،علامہ زمخشری نے اسی شداد ابنِ عاد کی نسبت لکھا ہے کہ اُس نے صحرائے عدن میں مدینہ ارم بنوایا تھا، مگر اس مدینہ ارم یا باغِ ارم کا کوئی نشان کہیں نہیں پایا جاتا،قرآن کریم میں بھی ارم کا ذکر آیا ہے،لیکن اس سے مراد قبیلہ ارم ہے نہ مدینہ ارم یا باغِ ارم،قبیلہ ارم غالباً اسی قبیلہ عاد کا دوسرا نام تھا یا قبیلہ عاد کی ایک شاخ تھا، یا قبیلہ عاد قبیلہ ارم کی ایک شاخ تھا،خدا تعالیٰ فرماتا ہے :" أَلَمْ تَرَ كَيْفَ فَعَلَ رَبُّكَ بِعَادٍ،إِرَمَ ذَاتِ الْعِمَادِ،الَّتِي لَمْ يُخْلَقْ مِثْلُهَا فِي الْبِلَادِ"(کیا تم نے اس بات پر نظر نہیں کی کہ تمہارے پروردگارنے عادِ ارم کے لوگوں کے ساتھ کیا برتاؤ کیا جو ایسے بڑے قد آور تھے کہ قوتِ جسمانی کے اعتبار سے دنیا کے شہروں میں کوئی مخلوق ان جیسی پیدا نہیں ہوئی، مسعودی نے لکھا ہے کہ عاد سے پیشتر اس کا باپ عاص بھی بادشاہ تھا،اسی خاندان کے ایک بادشاہ جیرون ابن سعد ابن عاد ابن عوص نے دمشق کو تاخت وتاراج کیا اور سنگ مرمر اورقیمتی پتھروں سے ایک مکان بنوایا تھا جس کا نام اس نے ارم رکھا تھا،ابن عساکر نے بھی تاریخ دمشق میں جیرون کا ذکر کیا ہے،قبیلہ عاد یا قوم عاد کی طرف حضرت ہود علیہ السلام جو قوم عاد سے خدائے تعالیٰ کی طرف سے پیغمبر بن کر مبعوث ہوئے ان کی قوم نے نافرمانی کی راہ اختیار کی اورعذابِ الہی سے ہلاک ہوئی،یہ ذکر قرآن مجید میں مفصل مذکور ہے،عاد کے بعد عبیل،عمالقہ،ثمود،عبد ضخم وغیرہ قبائل کی حکومتیں رہیں، یہاں تک کہ یعرب بن قحطان نے ان کا خاتمہ کرکے دوسرا دور شروع کیا،قبیلہ ثمود یا قوم ثمود کی طرف حضرت صالح علیہ السلام مبعوث ہوئے تھے،ثمود مقام حجر میں رہتے تھے،طسم اورجدیس دونوں قبیلوں کا مقام یمامہ تھا اورعمالقہ کا مقام تہامہ، قبیلہ ،جُرہم کا مقام یمن تھا،اوپر بیان ہوچکا ہے کہ ملکِ عرب کے تمام طبقات سام ابن نوح ؑ کی اولاد سے ہیں-