انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نسب وولادت آپ اشراف قریش میں سے تھے،زمانہ جاہلیت میں آپ کے خاندان سے سفارت مخصوص ومتعلق تھی،یعنی جب قریش کی کسی دوسرے قبیلے سے لڑائی ہوتی تھی تو آپ کے بزرگوں کو سفیر بناکر بھیجا جاتا تھا، یا جب کبھی تفاخر نسب کے اظہار کی ضرورت پیش آتی تو اس کام کے لئے آپ ہی کے بزرگ آگے نکلتے تھے،آپ کا سلسلۂ نسب اس طرح ہے،عمر بن خطابؓ بن نفیل بن عبدالعزیٰ بن رباح بن عبداللہ بن زراح بن عدی بن کعب بن لوئی،کعب کے دو بیٹے تھے،ایک عدی دوسرے مرہ،مرہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اجداد میں ہیں یعنی آٹھویں پشت میں حضرت عمرؓ کا سلسلۂ نسب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلہ نسب میں مل کر ایک ہوجاتا ہے،عمر فاروقؓ کی کنیت ابو حفص تھی،آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ کو فاروق کے لقب سے ملقب فرمایا تھا، آپ ہجرت نبوی سے چالیس سال پہلے پیدا ہوئے ،لڑکپن میں اونٹوں کے چرانے کا شغل تھا،جوان ہونے کے بعد عرب کے دستور کے موافق نسب دانی،سپہ گری،شہسواری اورپہلوانی کی تعلیم حاصل کی ،عہد جاہلیت میں بھی اور مسلمان ہونے کے بعد بھی تجارت کا پیشہ کرتے تھے۔