انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** ملک عرب ملک عرب کا کچھ اجمالی تعارف ملک عرب کا کچھ نہ کچھ تذکرہ شروع میں اس لئے ضروری ہے کہ آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم عرب کے مشہور شہر مکہ معظمہ میں پیدا ہوئے اور دوسرے مشہور شہر مدینہ منورہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہجرت فرمائی اوروہی اسلامی سلطنت کا ابتدائی دارالسلطنت قرار پایا،عرب ہی وہ ملک ہے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں قریباً سب کا سب مسلمان ہوچکا تھا،یہی ملک عرب شوکتِ اسلام کی ابتدائی جلوہ گاہ ہے، اسی ملکِ عرب کی زبان میں کامل وحی اورآخری آسمانی کتاب نازل ہوئی جو تمام ملکوں،تمام قوموں اورقیامت تک تمام زبانوں کے لئے مکمل ہدایت ہے، اسی ملکِ عرب سے ہر چہار سمت ساری دنیا میں اسلام کی روشنی پھیلی اوراسی ملکِ عرب میں خانۂ کعبہ ہے جس کی طرف ہر سال دنیا کے ہر ملک اورہر خطہ سے مسلمان کھچے چلے جاتے اورمیدانِ عرفات میں سب مل کر خدائے قدوس کی حمد وثنا اورمناجات ودعا میں مصروف نظر آتے ہیں،جہاں شاہ وگدا سب کی ایک حالت ہوتی ہے اورخالق ارض وسماکی عظمت وکبریائی قلوب پر مستولی ہوجاتی ہے،یہی ملکِ عرب ہے جو تمام دنیا پر غالب ہوا اورساری دنیا کے لئے مشعلِ راہ اورچراغِ ہدایت بنا۔