انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** اخلاقیات اچھے اخلاق اچھے اخلاق کی فضیلت اوراہمیت اچھے اخلاق واوصاف کی تعلیم بھی اسلام کی بنیادی تعلیمات میں سے ہے، اورلوگوں کی اخلاقی اورروحانی اصلاح ودرستی ان خاص مقاصد میں سے ہے جن کے پورا کرنے کے لیے رسول اللہﷺ نبی بناکر بھیجے گئے تھے،خودحضورصلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: "میں اللہ کی طرف سے اس لیے بھیجا گیا ہوں کہ عمدہ اخلاق کی تعلیم دوں اور انہیں مرتبہ کمال تک پہونچاؤں"۔ اسلام میں اچھے اخلاق کی جو اہمیت اورفضیلت ہے اس کا کچھ اندازہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مندرجہ ذیل حدیثوں سے کیا جاسکتا ہے ،حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "تم میں بہترین لوگ وہ ہیں جن کے اخلاق بہت اچھے ہیں"۔ (بخاری،بَاب صِفَةِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم،حدیث نمبر:۳۲۹۵،شاملہ، موقع الإسلام) ایک اورحدیث میں وارد ہوا ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "قیامت کے دن میری نظر میں سب سے زیادہ محبوب وہ شخص ہوگا جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں گے"۔ (ترمذی،بَاب مَا جَاءَ فِي مَعَالِي الْأَخْلَاق،حدیث نمبر:۱۹۴۱،شاملہ، موقع الإسلام) ایک دوسری حدیث میں ہے،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "قیامت کے دن اعمال کی ترازو میں سب سے زیادہ وزن اچھے اخلاق کا ہوگا"۔ (ترمذی،باب ماجاء فی حسن الخلق،حدیث نمبر:۱۹۲۵،شاملہ، موقع الإسلام) ایک اورروایت میں ہے،حضورصلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا کہ: "وہ کون سی صفت ہے جو انسان کو جنت میں لے جاتی ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:اللہ کاخوف اور اچھے اخلاق"۔ ایک اورروایت میں آیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا: "اچھے اخلاق والے مومن کو دنوں کے روزوں اور راتوں کے قیام (یعنی نفل نمازوں) کاثواب ملتا ہے"۔ (ابو داؤد،باب فی حسن الخلق،حدیث نمبر:۴۱۶۵،شاملہ، موقع الإسلام) مطلب یہ ہے کہ جس اللہ کے بندے کو ایمان نصیب ہو اور وہ اللہ کے مقررکئے ہوئے فرض اداکرتا ہو اور زیادہ نفل روزے نہ رکھتا ہو اور نہ رات کو بہت زیادہ نفل نمازیں پڑھتا ہو مگر اس کے اخلاق اچھے ہوں تو اللہ تعالی اس کو عمدہ اخلاق کی وجہ سے ہی ان لوگوں کے برابر ثواب دے گا جو صائم النھار وقائم اللیل ہوں(یعنی دنوں کو روزے رکھنے والے اور راتوں کو نفل نمازیں پڑھنے والے ہوں)۔ بُرے اخلاق کی نحوست جس طرح حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اچھے اخلاق کی یہ فضیلتیں بیان فرمائی ہیں، اسی طرح برے اخلاق کی نحوست سے بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم کوخبردارکیا ہے۔"برے اخلاق والا آدمی جنت میں نہ جاسکے گا"۔ (کنزالعمال،جز:۹،حدیث نمبر:۲۵۶۴۵،شاملہ، موقع الإسلام) ایک اورروایت میں ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "کوئی گناہ اللہ کے نزدیک برے اخلاق سے بدترنہیں"۔ (کنزالعمال،جز:۳،حدیث نمبر:۷۳۵۵)