انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** عُمال خلافتِ صدیقی حضرت ابوبکرصدیقؓ کے عہدِ خلافت میں امین الملت حضرت ابو عبیدؓہ بن الجراح بیت المال کے افسر اورمہتمم تھے،محکمہ قضا حضرت فاروق اعظمؓ کے سپرد تھا،حضرت علی کرم اللہ وجہہ اور حضرت عثمان غنی کو کتابت اور دفتر کا کام سپرد تھا، ان حضرات میں سے جب کوئی موجود نہ ہوتا تو دوسرا جو کوئی موجود ہوتا اس کام کو انجام دے لیتا تھا ،مکہ معظمہ میں حضرت عتابؓ بن اسید عامل تھے،جن کا انتقال اُسی روز ہوا جس روز حضرت ابوبکرؓ نے وفات پائی،طائف کے عامل حضرت عثمان بن العاصؓ تھے،صنعا میں مہاجربن اُمیہؓ اورحضرت موت میں زیاد بن لبیدؓ عامل تھے،صوبہ غولان میں یعلیٰ بن اُمیہؓ ،یمن میں ابو موسیٰ اشعریؓ،جند میں معاذ بن جبلؓ ،بحرین میں علاء بن حضرمیؓ،دومۃ الجندل میں عیاض بن غنمؓ،عراق میں مثنیٰ بن حارثؓ عامل یا گور نر کے عہدے پر مقرر تھے،ابو عبیدہؓ بن الجراح آخر میں سپہ سالاری کی خدمت میں مامور ہوکر شام کی طرف بھیجے گئے تھے،یزید بن ابی سفیانؓ،عمرو بن العاصؓ،شرجیلؓ بن حسنہ بھی سپہ سالاری کی خدمات پر ملک شام میں مصروف تھے ،خالد بن ولید خلافت صدیقی میں سپہ سالارِ اعظم کے عہدے پر فائز اورخلافتِ صدیقی سے وہی نسبت رکھتے تھے جو رستم کو کیکاؤس وکیخسرو کی سلطنت سے تھی۔