انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** علمی اثرات نصرانیت یونان واسکندریہ میں پروان چڑھی تھی، اس لیے وہ جہاں بھی گئی اپنے ساتھ وہاں کے علوم وفنون مثلاً طب، نجوم اور مابعد الطبیعاتی افکار بھی لیتی گئی، نصرانیت کوان علوم کی اور خصوصیت سے فلسفہ اور نجوم کی مذہبی حیثیت سے بھی ضرورت تھی؛ چنانچہ آپ دیکھیں گے کہ عیسائیوں کے علماء اور مذہبی پیشوا، مذہبی سے زیادہ فلسفی ہوتے تھے اس لیے کہ نصرانی ثقافت اور مذہب کی اشاعت میں ان کوان علوم سے بہت کافی مدد ملتی تھی، ظاہر ہے کہ عرب میں اس کے قدم آئے ہوں گے تویہ علوم بھی اُن کے ساتھ لگے لپٹے آئے ہوں گے، خیال ہوتا ہے کہ بعثت نبوی سے پہلے عربوں میں علم نجوم، طب اور مابعد الطبیعاتی تصورات وافکار کے جواثرات بھی نظر آتے ہیں، اس کے فروغ میں نصرانیت کوضرور دخل تھا، اس خیال کی مزید تائید اس سے بھی ہوتی ہے کہ عہد اسلام کے بعد یونانی علوم وفنون کا جوسرمایہ عربی میں منتقل ہوا، وہ زیادہ ترنصرانی ہی علماء ومترجمین کی سرکردگی میں ہوا، خصوصیت سے فلسفہ وطب کا شعبہ توکئی صدی تک ان ہی کے زیراثر رہا۔