انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** حضرت معاویہ ؓبن حکم نام ونسب معاویہ نام، باپ کا نام حکم تھا،معاویہ بنو سلیم میں بود و باش رکھتے تھے اور بدویانہ زند گی بسر کرتے تھے۔ اسلام ہجرت کے بعد کسی سنہ میں مشرف باسلام ہوئے،قبولِ اسلام کے بعد مکتب نبوت میں اسلام کی تعلیم حاصل کی،اپنی تعلیم اوراسلام کے واقعات کو وہ خود بیان کرتے ہیں کہ جب میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا ،تو اسلام کے بعض احکام سیکھے ،منجملہ اور تعلیمات کے مجھ کو ایک تعلیم یہ بھی ملی کہ جب کوئی چھینکے تو الحمد للہ کہو،اور جب کوئی چھینک کر الحمدللہ کہے تو یرحمک اللہ کہو،ایک دن میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نماز پڑھ رہا تھا کہ کسی نے چھینکا اور الحمدللہ کہا میں نے بآواز بلند یرحمک اللہ جواب دیا،لوگوں نے مجھ کو گھورنا شروع کیا میں نے کہا مجھے غضب آلود نگاہوں سے کیوں گھوررہے ہو میرے اس سوال پر لوگوں نے سبحان ال سبحان اللہ کہنا شروع کیا ،جب آنحضرتﷺ نماز ختم کرچکے تو پوچھا نماز میں کون بولا تھا لوگوں نے مجھ کو بتایا کہ یہ اعرابی تھا آپﷺ نے مجھ کو بلاکر فرمایا،نماز قرأ قرآن اور اللہ عز وجل کے ذکر کے لیے ہے ،جب تم نماز پڑھو تو تمہاری یہ شان ہونی چاہیے ،یعنی اللہ عزوجل کا ذکر، اورقرأتِ قرآن،معاویہ پر اس نرمی کا یہ اثر ہوا کہ وہ کہتےتھے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے زیادہ نرم معلم نہیں دیکھا۔ (ابو داؤد کتاب ابواب تغریہ استفتاح باب تشمیط العاطس فی الصلوٰۃ) اسی دورانِ تعلیم میں انہوں نے جاہلیت کے اوہام کے متعلق چند سوالات کیے کہ یا رسول اللہ! ہم لوگ ابھی زمانہ جاہلیت سے زیادہ قریب ہیں، ابھی اسلام کو آئے ہوئے زیادہ زمانہ نہیں گذرا،اس لیے ہم میں ابھی تک کچھ لوگ کاہنوں کے پاس جاتے ہیں،فرمایا تم ان کے پاس نہ جایا کرو، پھر پوچھا کہ بعض لوگ اوہام سے فال بدلتے ہیں،فرمایا یہ دل کے اوہام ہیں ان سے نہ متاثر ہونا چاہیے۔ پھر یہ سوال کیا کہ:یا رسول اللہ ہم میں کچھ لوگ ایسےہیں، جو خط کھینچتے ہیں جاہلیت کے تفادل کا ایک طریقہ تھا ،فرمایا بعض انبیا بھی خط کھنچتے تھے،اس لیے اگر کوئی ایسا خط کھینچے تو کوئی مضائقہ نہیں،آخر میں عرض کیا یا رسول اللہ ! میری ایک لونڈی ہے،جو احد اورجوانیہ کی طرف بکریاں چرایا کرتی تھی،ایک دن وہ اس پر چڑھ گئی اور ایک بکری بھیڑیا لے گیا، میں انسان ہوں مجھے غصہ آگیا،میں نے لونڈی کو مارا، آنحضرتﷺ کو یہ ناگوار ہوا، آپ کو ناگواری دیکھ کر میں نے کہا اس کو اس کفارہ میں آزاد کرتا ہوں،فرمایا اس کو میرے پاس لاؤ میں لے آیا آپ نے ان سے پوچھا اللہ کہا ں ہے؟ اس نے کہا آسمان پر ،پوچھا میں کون ہوں، اس نے کہا آپ اللہ کے رسول ہیں،فرمایا اس کو آزاد کردو،یہ مومنہ ہے۔