انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** حضرت سعد بن خیثمہ نام ونسب سعد نام، ابو خثیمہ کنیت ،خیر لقب،سلسلہ نسب یہ ہے،سعد بن خثیمہ بن حارث بن مالک بن کعب بن نحاط بن کعب بن حارثہ بن غنم بن سلم بن امرؤ القیس بن مالک بن اوس والد بزرگوار جن کا نام خثیمہ تھا،صحابی تھے،غزوۂ احد میں شہادت پائی۔ اسلام عقبہ میں شریک تھے،بنی عمرو بن عوف کے نقیب بنائے گئے۔ غزوات اورعام حالات آنحضرتﷺ ہجر ت کرکے مدینہ تشریف لائے تو اولاً قبیلہ عمرو بن عوف میں قیام کیا اورحضرت کلثوم بن الدہمؓ کے گھر میں میں ٹھہرے اس دوران میں ملاقات کے لئے حضرت سعدؓ کا مکان تجویز فرمایا، آنحضرتﷺ مہاجرین وانصار سے انہی کے مکان میں ملتے تھے، اسی بناء پر بعض لوگوں نے لکھا ہے کہ سعد بن خثیمہؓ کے ہاں آپ نے قیام فرمایا تھا،حضرت سعدؓ کا گھر منزل العزاب (العزاب) کے نام سے مشہور تھا۔ غزوۂ بدر میں شرکت کا قصد کیا توعجیب واقعہ پیش آیا، باپ نے کہا کہ ہم میں سے ایک آدمی کو گھر رہناچاہیے ،اس بناء پر تم یہیں رہو، میں جہاد پر جاتا ہوں ،بیٹے نے جواب دیا کہ اگر جنت کے علاوہ کوئی اور معاملہ ہوتا تو آپ کو ترجیح دیتا، میں خود جاؤں گا اورامید ہے کہ اللہ شہادت عطا فرمائے گا۔ شہادت تاہم شفقت پدری نے مجبور کیا اور حضرت خثیمہؓ نے قرعہ ڈالا،جس دماغ میں شہادت کا خیال موجز ن تھا، قرعۂ فال اسی کے نام نکلا مجبور ہوکر اجازت دی ؛چنانچہ حضرت سعدؓ، رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ بدر پہنچے اور طعیمہ بن عدی ایک مشرک کے ہاتھ سے مارے گئے ، إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ اولاد ایک صاحبزادے تھے جن کا نام عبداللہ تھا، اگرچہ نہایت کم عمر تھے تاہم عقبہ اور بدر میں باپ کے ساتھ شریک تھے بعض لوگوں کا خیال ہے کہ حضرت سعدؓ نے کوئی اولاد نہیں چھوڑی۔