انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** ابو العباس ابوالعباس نے تخت نشین ہوکر تونس کو اپنا دارالحکومت بنایا اوراپنے بیٹے ابو خول کو فوج دے کر ابو عبداللہ شیعی کے معتقدین کا قتلِ عام کیا شیعی نے پھر فوج جمع کرکے ابو خول پر حملہ کیا،ایک شبانہ روز کی جنگِ عظیم کے بعد ابو خول کو شکست ہوئی وہ تونس واپس آیا، یہاں سے پھر فوج مرتب کرکے ابو عبداللہ شیعی کے مقابلے کو روانہ ہوا ابو عبداللہ شیعی نے دھوکا دے کر اس کی فوج پر حملہ کیا، اس غیر مترقبہ حملہ کا نتیجہ یہ ہوا کہ ابو خول کی فوج شکست کھا کر بھاگی اورابو خول نے مقام سطیف میں قیام کرکے پھر لوگوں کو اپنے گرد جمع کیا اورمستعد ہوکر ابو عبداللہ شیعی کے مقابلے کو روانہ ہوا، ادھر ابو خول کے دوسرے بھائی زیادۃ اللہ بن ابو العباس نے اپنے باپ کے بعض خدام کو شریکِ سازش کرکے ابو العباس کا کام تمام کرادیا اورخود شعبان ۲۹۰ھ میں تخت نشین ہوا،یہ خبر جب ابو خول کو پہنچی تو وہ تونس کی طرف واپس آیا اور آتے ہی گرفتار ہوکر قتل ہوا،علاوہ اس کے اوربھی اپنے بھائیوں اورچچاؤں کو زیادۃ اللہ نے قتل کرایا،زیادۃ اللہ کی کنیت ابو مضر تھی۔