انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** میاں بیوی کےحقوق انسانوں کے باہمی تعلقات میں میاں بیوی کا تعلق بھی ایک اہم تعلق ہے، اور ان دونوں کا گویا چولی دامن کا ساتھ ہے، اس لیے اسلام نے اس کے متعلق بھی نہایت صاف صاف اورتاکیدی ہدایتیں فرمائی ہیں، اس بارے میں اسلام کی تعلیم کا خلاصہ یہ ہے کہ بیوی کو چاہئے کہ اپنے شوہر کی پوری خیرخواہی اورفرمانبرداری کرے اور اس کی امانت میں کسی طرح کی خیانت نہ کرے،قرآن شریف میں ارشاد ہے: "فَالصّٰلِحٰتُ قٰنِتٰتٌ حٰفِظٰتٌ لِّلْغَیْبِ"۔ (النساء:۴۳) پس نیک عورتیں فرمانبردارہوتی ہیں اور شوہر کی غیر موجودگی میں اس کی امانت کی حفاظت کرتی ہیں۔ اورشوہروں کو اسلام کا حکم ہے کہ وہ بیوی کے ساتھ پوری محبت کریں اور اپنی حیثیت اوراستطاعت کے مطابق اچھا کھلائیں اچھا پہنائیں اور ان کی دلداری میں کمی نہ کریں،ارشادہے: "وَعَاشِرُوْھُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ"۔ (النساء:۱۹) بیوی کے ساتھ اچھا سلوک رکھو۔ رسول اللہﷺ اس قرآنی تعلیم کے مطابق مسلمان مردوں اورعورتوں کو باہم حسن سلوک کی اور ایک دوسرے کو خوش رکھنے کی بڑی سخت تاکید فرمایاکرتے تھے،اس سلسلہ کی چند حدیثیں یہ ہیں،ایک مرتبہ آپ نے عورتوں کو ہدایت کرتے ہوئے فرمایا: "جوشخص اپنی بیوی کو اپنے پاس بلائے اوروہ نہ آئےاوروہ رات کو اس سے ناراض رہے توفرشتے صبح تک اس پر لعنت کرتے ہیں"۔ (بخاری،ذکرا لملئکۃ،حدیث نمبر:۲۹۹۸، شاملہ، موقع الإسلام) اوراس کے برعکس ایک دوسری حدیث میں حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا: "جوعورت اس حال میں مرے کہ اس کا شوہر اس سے راضی ہو تو وہ جنت میں جائے گی"۔ (ترمذی،باب ماجاء فی حق الزوج للمرأۃ،حدیث نمبر:۱۰۸۱، شاملہ، موقع الإسلام) ایک اورحدیث میں ہے،حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "قسم اس ذات کی جس کے قبضے میں محمد کی جان ہے کوئی عورت اللہ کاحق اس وقت تک ادا نہیں کرسکتی جب تک کہ اپنے شوہر کا حق ادانہ کردے"۔ (ابن ماجہ،باب حق الزوج على المرأة،حدیث نمبر:۱۸۴۳، شاملہ، موقع الإسلام) اورایک اہم موقع پر مسلمانوں کے بہت بڑے اجتماع میں خاص مردوں کو خطاب کرتے ہوئے آپﷺ نے ارشاد فرمایا: "میں تم کو عورتوں کے ساتھ حسن سلوک کی خاص طورسے وصیت کرتا ہوں،تم میری اس وصیت کویادرکھنا،دیکھووہ تمہاری ماتحت ہیں اورتمہارے بس میں ہیں"۔ (ابن ماجہ،حق المرأۃ علی الزوج،حدیث نمبر:۱۸۴۱، شاملہ، موقع الإسلام) ایک اور حدیث میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا: "تم میں اچھے وہ ہیں جو اپنی بیویوں کے حق میں اچھے ہیں"۔ (ابن ماجہ،باب حسن معاشرۃ النساء،حدیث نمبر:۱۹۶۷، شاملہ، موقع الإسلام) ایک دوسری روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "مسلمانوں میں زیادہ کامل ایمان والے وہ ہیں جن کے اخلاق اچھے ہوں اور اپنی گھر والیوں کے ساتھ جن کا برتاؤ لطف ومحبت کا ہو"۔ (ترمذی،باب ماجاء فی حق المرأ ۃ علی زوجھا،حدیث نمبر:۱۰۸۲، شاملہ، موقع الإسلام)