انوار اسلام |
س کتاب ک |
*** ابواب الصوم صائم الدہر رہنا آج ہماری عورتیں صومِ مفروضہ میں بھی لیت ولعل کرتی ہیں؛ لیکن بعض صحابیات صائم الدہررہتی تھیں یعنی ہمیشہ روزہ رکھتی تھیں، حضرت ابوامامہ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی للہ علیہ وسلم سے باربار دعائے شہادت کی درخواست کی؛ لیکن آپ نے سلامتی کی دعا فرمائی، اخیر میں عرض کی کہ کسی ایسے عمل کی ہدایت فرمائیے کہ خدا مجھے اس سے نفع دے آپ نے روزہ کا حکم دیا اور انہوں نے متصل روزہ رکھنے کا التزام کرلیا، ان کے ساتھ ان کے خادم اور بی بی نے بھی اس عمل صالح میں شرکت کی اور روزہ ان کے گھر کی امتیازی علامت ہوگئی؛ اگرکسی دن ان کے گھر میں دھواں اُٹھتا تولوگ سمجھتے کہ آج ان کے گھر میں کوئی مہمان آیا ہے؛ ورنہ اس گھر میں دن کا کھانا کیونکر پک سکتا ہے۔ (مسنداحمد بن حنبل:۵/۲۵۵) نفل کے روزے بعض صحابیہ نفل کے روزے رکھتی تھیں، جس سے ان کے شوہر کوتکلیف ہوتی تھی؛ انہوں نے روکا توسخت ناگوار ہوا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں جاکر شکایت کی لیکن آپ نے حکم دیا کہ عورت شوہر کی اجازت کے بغیر نفل کا روزہ نہیں رکھ سکتی۔ (ابوداؤد،كِتَاب الصَّوْمِ،بَاب الْمَرْأَةِ تَصُومُ بِغَيْرِ إِذْنِ زَوْجِهَا) مردوں کی جانب سے روزہ رکھنا صحابیات رضی اللہ عنھن نہ صرف اپنی طرف سے بلکہ اپنے مردوں کی جانب سے بھی روزے رکھتی تھیں، ایک صحابیہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا کہ میری ماں کا انتقال ہوگیا ہے اور اس پرروزے فرض تھے کیا میں ان کوپورا کردوں؟ آپ نے ان کواجازت دے دی۔ (بخاری، كِتَاب الصَّوْمِ، بَاب مَنْ مَاتَ وَعَلَيْهِ صَوْمٌ) اعتکاف صحابیات رضی اللہ عنھن کواعتکاف کا اس قدر شوق تھا کہ ایک بار رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اعتکاف کے لیے خیمہ نصب کرنے کا حکم دیا توحضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے اپنا خیمہ الگ نصب کروایا ان کی دیکھا دیکھی تمام ازواجِ مطہرات نے بھی خیمے نصب کروائے۔ (ابوداؤد،كِتَاب الصَّوْمِ،بَاب الِاعْتِكَافِ)