انوار اسلام |
س کتاب ک |
|
*** جب رات میں نیند ٹوٹے حضرت عبادہ بن صامت ؓ فرماتے ہیں کہ جو شخص رات کو بیدار ہو اوریہ دعاء پڑھے پھر مغفرت کی دعاء مانگے یا اور دعاء کرے تو قبول ہوتی ہے اوروضو کرکے نماز پڑھے تو نماز قبول کی جاتی ہے۔ لَا اِلٰہَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيکَ لَهُ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ سُبْحَانَ اللَّهِ وَالْحَمْدُ لِلَّهِ وَلَا اِلٰہَ إِلَّا اللَّهُ وَاللَّهُ أَكْبَرُ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ. (سنن ابی داؤد،باب مایقول الرجل اذا تعار من الیل،حدیث نمبر:۴۴۰۱) ترجمہ:نہیں کوئی معبود سوائے خدائے واحد کے جس کا کوئی شریک نہیں،اسی کے لئے بادشاہت اورتعریف ،وہ ہر شئے پر قادر ہے،پاک ہے،تعریف اللہ کے لئے ہے، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں،اللہ بڑا ہے،نہ کسی کو قوت اور طاقت سوائے اللہ کے۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ آپ ﷺ جب رات میں بیدار ہوتے تو یہ دعاء پڑھتے۔ لَا اِلٰہَ إِلَّا أَنْتَ سُبْحَانَّکَ اللَّهُمَّ اِنیّ أَسْتَغْفِرُکَ لِذَنْبِي وَأَسْأَلُکَ رَحْمَتَکَ اللَّهُمَّ زِدْنِي عِلْمًا وَلَا تُزِغْ قَلْبِي بَعْدَ إِذْ هَدَيْتَنِي وَهَبْ لِي مِنْ لَدُنَّکَ رَحْمَةً إِنَّکَ أَنْتَ الْوَهَّابُ. (سنن ابی داؤد،باب مایقول الرجل اذا تعار من الیل،حدیث نمبر:۴۴۰۲) ترجمہ: کوئی معبود نہیں سوائے آپ کے پاک ہیں آپ اے اللہ میں آپ سے اپنے گناہ کی مغفرت چاہتا ہوں،آپ سے رحمت کا سوال کرتا ہوں،اے اللہ علم میں زیادتی عطا فرما،ہدایت کے بعد میرے قلب کو کج مت فرما اپنی جانب سے رحمت عطا فرما،یقیناً آپ بخشنے والے ہیں۔ حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے کہ آپ ﷺ رات میں بیدار ہوتے تو تین مرتبہ لا الہ الا اللہ پڑھتے۔ (الدعاء:۷۶۵) حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ آپ ﷺ جب رات میں بیدار ہوتے تو یہ دعاء پڑھتے۔ لَا إلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ الْوَاحِدُ الْقَهَّارُ رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ، وَمَا بَيْنَهُمَا الْعَزِيْزُ الْغَفَّارُ (المستدرک،باب واما حدیث رافع بن خدیج،حدیث نمبر:۱۹۳۸) ترجمہ:کوئی لائق عبادت نہیں سوائے اس خدا کے جو واحد قہار زمین وآسمان اوراس کے درمیان کا رب ہے،جوغالب بخشنے والا ہے۔ ربیعہ بن کعب کہتے ہیں کہ میں رات کو گھر کے دروازے کے قریب گزرتا تھا،میں رات کے حصہ میں الحمد للہ رب العالمین اوررات کے کسی حصہ میں سبحان اللہ وبحمد ہ پڑھنا سنتا تھا۔(یعنی آپ ﷺ جب بیدار ہوتے تو یہ پڑھتے) ایک دوسری روایت میں ہے کہ دوبارہ نیند نہ آتی ہو تو آپ ﷺ سبحان ربی پڑھتے رہتے یہاں تک کہ مجھے نیند آجاتی تو میں نہ سنتا۔ (مجمع الزوائد،الدعاء:۲/۷۷۴) حضرت ام سلمہ ؓ سے روایت ہے کہ آپ ﷺ جب رات میں بیدار ہوجاتے تو یہ دعاء فرماتے۔ رب اغفرلی وارحم واھد للسبیل الاقوم (مسند احمد:۲/۳۱۶،کنزالعمال:۷/۶۹) ترجمہ:اے میرے رب میری مغفرت فرما اور سیدھا راستہ دکھا۔